خبرنامہ کشمیر

خواتین کسی بھی معاشرے کا اہم حصہ ہیں جن کو نظر انداز کر کے معاشرہ ترقی نہیں کرسکتا

اسلام آباد (ملت + آئی این پی) آزادجموں وکشمیر کے وزیر اطلاعات ،سیاحت و آئی ٹی راجہ مشتاق احمد منہاس نے کہاہے کہ خواتین کسی بھی معاشرے کا اہم حصہ ہیں جن کو نظر انداز کر کے معاشرہ ترقی نہیں کرسکتا ۔وزیر اطلاعات نے ان خیالات کا اظہار یوم خواتین کے عالمی دن کی مناسبت سے ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوے کیا۔انہوں نے کہاکہ بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح نے تحریک پاکستان میں خواتین کو انتہائی ذمہ داریاں دیں جس سے ان کا اعتماد ملا ۔انہوں نے کہاکہ محترمہ فاطمہ جناح ،محترمہ رعنا لیاقت علی خان ، محترمہ بیگم شاہنواز ،محترمہ سلمہ تصدق حسین ،محترمہ فاطمہ صغری ،محتر، شوکت آرا ،محترمہ کلثوم رحمان ،محترمہ تازین فریدی جیسی شخصیات نے تحریک پاکستان میٰں انتہائی اہم کردار ادا کیا ۔انہوں نے کہاکہ محترمہ فاطمہ صغری وہ بہادر خاتون تھیں جنہوں نے یونین جیک کو اتار کر مسلم لیگ کا پرچم لہرا دیا تھا ۔انہوں نے کہاکہ ایسی ہی جرات مند خواتین مقبوضہ کشمیر میں بھی موجود ہیں جو آسیہ اندرابی کی قیادت میں بھارتی جھنڈوں کو اتار کر پاکستان کے سبز ہلالی پرچم کو سربلند کر دیتی ہیں ہم ان کی جرات اور بہادری پر انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ تحریک آزادی کشمیر میں بھی خواتین کا کردار انتہائی اہم ہے انہوں نے جس بہادری اور جرات سے بھارتی فوج کے مظالم کا مقابلہ کیا ہے اس کی مثال دنیا میں کہیں نہیں ملتی ۔انہوں نے کہاکہ محترمہ آسیہ اندرابی جیسی جرات مند خواتین کو سلام عقیدت پیش کرتے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ خواتین کے عالمی دن کے موقع پر ہم بین الاقوامی برادری سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی جانب سے نہتی خواتین کے خلاف مظالم کا نوٹس لے ۔وزیر اطلاعات نے کہاکہ وزیر اعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان کی زیر قیادت حکومت خواتین کی ترقی اور انہیں معاشرے کا فعال کردار بنانے کے لیے اہم اقدامات کر رہی ہے ۔انہوں نے کہاکہ ہم تعلیم کے میدان کو طالبات کو مساوی مواقع فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ ،فنی تربیت کے اداروں اور ملازمتوں میں بھی انہیں برابر کے مواقع فراہم کریں گے ،