خبرنامہ کشمیر

دختران ملت، پیپلز فریڈم کا شہید ہونے والے نوجوان کو خراج عقیدت

سرینگر: (ملت آن لائن) مقبوضہ کشمیر میں دختران ملت نے بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں ضلع پلوامہ کے علاقے سامبورہ میں شہید ہونے والے نوجوان کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ بھارتی فوجیو ں نے بدر نامی نوجوان کو جمعرات کو محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے دوران شہید کیا تھا۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق دختران ملت کی جنرل سیکریٹری ناہیدہ نسرین نے سرینگرمیں جاری ایک بیان میں کہا کہ غیر قانونی بھارتی تسلط کیخلاف اپنی جانیں لٹانے والے نوجوان کشمیریوں کے اصل ہیرو ہیں اور پوری قوم انہیں سلام پیش کرتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی فوجی بزدل ہیں جو اپنا حق مانگنے والے نہتے کشمیریوں کو گولیوں اورپیلٹ چھروں کی بوچھاڑ کر دیتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ بزدل بھارتی فوجیوں نے10 برس کے بچوں سے لیکر80 برس کے معمر کشمیریوں اور خواتین کو بھی قید کر رکھا ہے ۔ناہیدہ نسرین نے کہاکہ بھارت کی یہ غلط فہمی ہے کہ وہ آپریشن آل آوٹ اور اس طرح کے دیگر آپریشنوں سے کشمیری نوجوانوں کے جذبہ آزادی کو دبا سکے گا۔انہوں نے کہا کہ بھارت کی تمام تر چیرہ دستیوں کے باوجود کشمیریوں کے حوصلے بلند ہیں اور وہ اپنی جدوجہد کو اسکے منطقی انجام تک پہنچا کر رہیں گے۔جموں کشمیر پیپلز فریڈم لیگ کے ترجمان نے بھی سرینگر میں جاری ایک بیان میں سامبورہ میں شہید ہونے والے نوجوان کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہداء کی عظیم قربانیوں کی بدولت ہی تحریک آزای ایک فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہو چکی ہے اور عالمی برادری تنازعہ کشمیر کے حل پر زور دے رہی ہے۔ ترجمان نے کہا کہ قربانیوں کو ہرگز رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا۔