خبرنامہ کشمیر

دختران ملت کی آسیہ اندرابی کی مسلسل غیر قانونی نظربندی کی مذمت

سرینگر : (ملت+اے پی پی) مقبوضہ کشمیرمیں دختران ملت جموں وکشمیر نے حریت رہنماء اور پارٹی کی سربراہ آسیہ اندرابی کی گھر میں نظربندی کی شدید مذمت کی ہے ۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق دختران ملت کی ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں افسوس ظاہر کیاکہ آسیہ اندرابی کو تین ماہ کی غیر قانونی نظربندی سے حال ہی میں رہائی کے بعد سے کٹھ پتلی انتظامیہ نے 21دسمبر سے مسلسل گھر میں نظربند کر رکھا ہے جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ انتظامیہ ان سے کس قدر خائف ہے۔ انہوں نے کہاکہ آسیہ اندرابی کی رہائش گاہ کو ہی جیل میں تبدیل کردیاگیا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ آسیہ اندرابی کو علالت کے باعث علاج معالجے کیلئے ڈاکٹروں کے پاس جانے اور رشتہ داروں سے ملاقات کی بھی اجازت نہیں ہے اور ان کی روز مرہ کی سرگرمیوں کو گھر کی چار دیواری تک مسدود کردیا گیا ہے۔ترجمان نے عدالتی احکامات پر آسیہ اندرابی کی رہائی کو محض فریب قراردیتے ہوئے عزم ظاہر کیاکہ اس طرح کے ہتھکنڈوں سے حریت رہنماء کا جذبہ حریت ہرگز پست نہیں ہوگا ۔