خبرنامہ کشمیر

دنیا بھر میں پاکستان ہی کشمیریوں کا سب سے زیادہ ہمدرد ملک ہے: فاروق حیدر

مظفرآباد (ملت + آئی این پی) وزیر اعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ دنیا بھر میں پاکستان ہی کشمیریوں کا سب سے زیادہ ہمدرد ملک ہے،پاکستان نے کشمیریوں کے وکیل ہونے کی بہت قیمت ادا کی ہے ،پاکستان کی ہندوستان کے ساتھ تنازعہ اور دشمنی کی بنیادی وجہ کشمیر ہے،کشمیریوں کو پاکستان کے ساتھ انتہائی محبت اور عقیدت ہے اپنے شہیدوں کے جنازے سبز ہلالی پرچم میں دفناتے ہیں ،قائد اعظم کے پرائیویٹ سیکرٹری کے طور پر کام کرنے والے خورشید حسن خورشید کا انتخاب بھی اہمیت کا حامل تھا،کے ایچ خورشید ایم ایس ایف کے صدر رہے ،قائد اعظم اپنے آخری ایام میں کشمیر کا کثرت سے تذکرہ کرتے تھے ،آزاد کشمیر کے اندر لوگوں کو برابری کی بنیاد پر مواقعوں کی فراہمی اولین ترجیح ہے،اپریل میں آزادکشمیر میں بین الاقوامی کشمیر کانفرنس کا انعقاد کیا جائیگا ۔ان خیالات کا اظہار وزیراعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے بانی پاکستان کے پرائیویٹ سیکرٹری و سابق صدرخورشید الحسن خورشید کی29ویں برسی کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ برسی کی تقریب سے صدر جموں وکشمیر لبریشن لیگ جسٹس (ر) عبدالمجید ملک، تحریک انصاف کے راہنما خواجہ فاروق احمد، ڈاکٹر مسفر حسین، جنرل سیکرٹری لبریشن لیگ خواجہ منظور قادر ایڈووکیٹ، جماعت اسلامی کے قاضی شاہد حمید، شوکت جاوید میر، ہمایوں زمان مرزا، محترمہ تنویر لطیف ، شیخ عبدالقیوم، خواجہ عبدالغنی، زاہد اکرم،APHCکے رہنماء عبدالحمید لون، چوہدری وقار ندیم، راجہ محمد ممتاز خان، میر رفیق، قاری طفیل، جاوید چوہدری اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔ برسی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا ہے کہ ایکٹ 74ء میں ترامیم کے لئے کمیٹی بنانے پر وزیراعظم پاکستان میاں نواز شریف کا شکر گزار ہوں۔ایک مضبوط اور معاشی طور پر مستحکم پاکستان ہی کشمیریوں کی آزادی کا مضبوط وکیل ثابت ہو سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر کے عوام کے حقوق کی ترجمانی کرتا رہوں گا اور عوام کے حقوق کی جنگ لڑتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی 18کروڑ عوام اور حکومت کشمیریوں کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے ہوئے ہیں اور آزادکشمیر کے 40لاکھ گلگت بلتستان کی عوام اور حکومت پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انشاء اللہ وہ دن ضروری آئے گا جب ہم کے ایچ خورشید کی برسی سرینگر میں منائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کے اندر لوگوں کی ترقی کے یکساں مواقع فراہم کر رہے ہیں اور عوام آدمی کی فلاح و بہبود کے لئے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کیا جائے گا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جموں وکشمیر لبریشن لیگ کے صدر جسٹس (ر) عبدالمجید ملک نے کہا ہے کہ خورشید الحسن خورشید ایک نظرےئے اور فکر کا نام ہے۔ انہوں نے کہا کہ کے ایچ خورشید کی تحریک آزادی کشمیر اور آزادکشمیر کے عوام کی خوشحالی اور ترقی کے لئے خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کے ایچ خورشید کے نظرئیے اور فکر کی تکمیل کے لئے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے اور ان کے مشن کو جاری و ساری رکھیں گے انہوں نے کہا کہ ان کی زندگی ہمارے لئے مشعل راہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ کے ایچ خورشید کی زندگی ہمارے لئے ایک نمونہ ہے۔ ہم نے ان کی زندگی کو اصولوں کو سامنے رکھتے ہوئے اپنی جدوجہد جاری رکھنی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خورشید الحسن خورشید امانت، دیانت، صداقت اور شرافت کا مجسمہ تھے۔ انہوں نے کہا کہ خورشید الحسن خورشید کے افکار اور نظریات کو سامنے رکھتے ہوئے ان کی مشن کی تکمیل کے لئے جدوجہد جاری رکھیں گے۔