خبرنامہ کشمیر

دورحاضرمیں صحافت انتہائی اہمیت اختیارکرگئی ہے: راجہ فاروق

ڈیال (ملت + آئی این پی) وزیراعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیرراجہ محمدفاروق حیدرخان نے کہاہے کہ مقننہ ، انتظامیہ اور عدلیہ ریاست کے اہم ستون ہیں لیکن دورحاضرمیں صحافت کی اہمیت ان تینوں ستونوں سے زیادہ اہمیت اختیارکرگئی ہے۔ صحافت کامعیار ملک اورمعاشرے کے مفادمیں ہونا چاہیے۔ صحافت میں اخلاقیات اور آداب کو ملحوظ خاطررکھاجائے۔تحقیقاتی صحافت کے فروغ پانے سے صحافت پرکوئی انگلی نہیں اٹھاسکتا۔ پاکستان میں صحافت میں حمیدنظامی سمیت بڑی قد آورشخصیات پیداہوئیں۔ مارشل لاء دور، جمہوریت کی بحالی اور عدلیہ کی بحالی تحریک میں صحافت کابڑا اہم رول ہے۔ گذشتہ 10 سالوں سے آزادکشمیرکی زبوں حالت رہی ہے۔جدھردیکھتے ہیں گند ہی گند ہے احتساب کاڈھانچہ ہی نہیں ۔ لوٹ مارکرنے والے باہربیٹھے ہیں۔ میرپورکے حقوق کے دعویداروں اورانٹرنیشنل لیڈروں نے میرپورکے عوام کولاوارث بنائے رکھالوگوں کے نام پرٹھیکیداری کرتے رہے ۔ میرپور کے لوگوں کو پینے کے پانی کاحق نہ دلاسکے۔ ہماری حکومت آزادکشمیر میں نئے سیاسی سماج کی بنیاد رکھناچاہتی ہے جس میں ہرشخص کوبرابری کی بنیاد پراس کو حقوق اورانصاف ملے گا۔ بین الاقوامی مالیاتی ادارے پاکستان کی معاشی ترقی کااعتراف کررہے ہیں جس سے پرنٹ میڈیا اور الیکٹرانک میڈیاکو حکومتی کارکردگی کومثبت انداز میں ہائی لائٹ کرناچاہیے ۔ وزیراعظم پاکستان میاں محمدنواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف پاکستان اور آزادکشمیر کی تعمیروترقی میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں ۔ شریف برادران کے ویژن کی بدولت پاکستان مسلم لیگ ن 2018 کے الیکشن میں بھاری مینڈیٹ سے سرخروہوگی ۔ مضبوط اورمستحکم پاکستان ہی کشمیریوں کی آزادی کاضامن اور ہماراوکیل بن سکتاہے۔ نوجوان سوشل میڈیاپربھارتی مظالم کوبین الاقوامی دنیاکے سامنے بے نقاب کریں۔ ہماری حکومت عوام کے سامنے جواب دے ہے اور ہم اپنے آپ کوبے لاگ احتساب کے لیے پیش کریں گے ۔ ہماراکوئی ذاتی ایجنڈانہیں ہے۔ ہماری حکومت کاایجنڈا تحریک آزادی کشمیرکواجاگرکرناخطہ خطہ کے عوام کی بلاتخصیص سیاسی وابستگی کے مثالی تعمیروترقی کرنااورغریب لوگوں کو انصاف اورمیرٹ فراہم کرناہے۔ ڈڈیال کوآزادکشمیرکاخوبصورت ترین شہر بنائیں گے۔ منگلاڈیم کے جزیرہ کوآپس میں پلوں اور سڑکات سے لنک کرکے اور ٹورازم کوفروغ دیں گے۔ اگلے مالی سال میں ڈڈیال پریس کلب کی عمارت کے لیے فنڈز رکھیں گے۔ ان خیالات کااظہار انھوں نے ڈڈیال پریس کلب کی تقریب حلف برداری سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ تقریب کی صدارت آزادکشمیر کے وزیراطلاعات ، سیاحت وآئی ٹی راجہ مشتاق منہاس نے کی جبکہ تقریب سے ممبراسمبلی چوہدری مسعود خالد، یونین آف جرنلسٹس آزادکشمیرکے صدرراجہ نثاراحمدخان، نومنتخب صدر ڈاکٹرمحمداسحاق نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پرآزادکشمیرکے ڈائریکٹر جنرل اطلاعات راجہ اظہراقبال خان ، وزیراعظم سیکرٹریٹ کے ڈائریکٹر جنرل ملک ذوالفقارعلی، پریس سیکرٹری وزیراعظم راجہ وسیم خان، پی پی اوسردارعلی شان جنیال، مسلم لیگ ن کے راہنماراجہ علی زمان، راجہ وسیم خالد، سابق صدرآزادجموں وکشمیرسنٹرل یونین آف جرنلسٹس محمدرمضان چغتائی سمیت ضلع میرپور، کوٹلی اوربھمبرکے صحافی حضرات اورعوام علاقہ کی بڑی تعداد موجود تھی۔ وزیراعظم آزادکشمیر نے ڈڈیال پریس کلب کے نومنتخب عہدیداران سے حلف لیااور انھیں نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پرمبارک باد دیتے ہوئے اس توقع کااظہارکیاکہ انھوں نے جوحلف اٹھایاہے وہ اس کی پاسداری کریں گے اور اپنی صحافتی ذمہ داریاں غیرجانبدارطریقے سے سرانجام دیں اور صحافتی معیار کو قائم رکھیں۔ انھوں نے کہاکہ آزادکشمیرتحریک آزادی کشمیرکابیس کیمپ ہے۔ تحریک آزادی کے حوالے سے ہماری اورمیڈیاکی ذمہ داریاں بڑھ جاتی ہیں۔ مقبوضہ کشمیرمیں ہونے والے انسانیت سوزمظالم کومیڈیا کے ذریعے دنیاکے سامنے پیش کیاجائے اور بھارت کامکروہ چہرہ بے نقاب کیاجائے۔ صحافی انفرادی مسائل کے ساتھ ساتھ اجتماعی مسائل کو اجاگرکریں۔ صحافی کے قلم سے حقدار کوحق ملتاہے۔اس لیے ان کاقلم درست سمت میں استعمال ہوناچاہیے۔ ڈڈیال پریس کلب کی عمارت کے لیے مالی سال میں فنڈز مختص کرنے کی یقین دھانی کروائی۔ انھوں نے کہاکہ صحافی معاشرے اورریاست کااہم طبقہ ہیں ریاست کے دیگرطبقوں کی طرح صحافی بھی خصوصی توجہ کے مستحق ہیں۔۔ حکومتی وزراء اورممبران اسمبلی کواگرمراعات مل سکتی ہیں تو صحافیوں کی فلاح وبہبود کے لیے مراعات اور ان کے مسائل بھی حل کریں گے۔