خبرنامہ کشمیر

راج ناتھ کا پاکستان اور کشمیر مخالف بیان حقیقت سے کوسوں دور ہے،شبیر

سرینگر: (ملت+اے پی پی)مقبوضہ کشمیرمیں کل جماعتی حریت کانفرنس کے جنرل سیکرٹری شبیر احمد شاہ نے بھارتی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ کے پاکستان اور کشمیر مخالف حالیہ بیان کو حقیقت سے بعید قرار دیا ہے ۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق شبیرا حمد شاہ نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاکہ کسی کے انکار یا ضد سے تاریخ یا کشمیر بار ے تاریخی حقائق تبدیل نہیں ہو سکتے ۔ انہوں نے وزیر داخلہ سے کہا کہ وہ کشمیر کے حوالے سے اقوام متحدہ کی قراردادوں او ربھارتی لیڈروں کے وعدوں کا مطالعہ کریں۔ انہوں نے زور دیا کہ بھارت کو اگر کشمیر پر اپنے دعوے کا یقین ہے تو پھر اسے اقوام متحدہ کی قرار دادوں پر علمدرآمد سے کس نے روک رکھا ہے۔شبیر احمد شاہ نے کٹھوعہ میں راج ناتھ کے خطاب کو دھمکی اور رعونت آمیز قرار دیتے ہوئے کہا کہ جموں و کشمیر بھارت کی جاگیر نہیں اور انہیں اس سلسلے میں اپنے معلومات کواپ ڈیٹ کرنے کیلئے اقوام متحدہ کی منظور کردہ تاریخی قراردادوں کا مطالعہ کرنا چاہئے۔انھوں نے کہا کہ اگرچہ ہم اقوام متحدہ کی قرادادوں اور سہ فریقی مزاکرات کو ہی مسئلہ کشمیر کے حتمی کیلئے ایک شاہ کلید تسلیم کرتے ہیں لیکن راجناتھ سنگھ کو اپنے پیشرو وزیر اعظم اٹل بہاری واجپائی اور سابق وزیر اعظم نرسمہا راؤ کے مسئلہ کشمیر سے متعلق بیانات کا بھی مطالعہ کرنا چاہئے کہ انھوں نے اس سلسلے میں پاکستانی حکومت سے بات چیت کیلئے پہل کر تے ہوئے اس حقیقت کو تسلیم کیا تھاکہ مسئلہ کشمیر ایک زندہ حقیقت ہے اور متکبرانہ لہجہ استعمال کرکے اس حقیقت سے انکار کرکے ہمسایہ ملک کو دھمکیاں دینا اور بڑے بول بولنے سے حقائق بدل نہیں سکتے۔انھوں نے راجناتھ سنگھ کے اس خواہش کہ بھارت ایک بڑا اور طاقت ور ملک کی حیثیت سے اپنی پہچان بنانا چاہتا ہے ،حریت رہنما نے کہا کہ بھارت کی خواہش اسی وقت پوری ہوگی جب وہ اپنے توسیع پسندانہ عزائم ترک کر کے سبھی ہمسایہ ممالک سے اپنے تعلقات کو دوستانہ سطح پر لائے اور مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے بندوق اور بارود کی زبان میں بات کرنے بجائے پاکستان سے ہاتھ ملائے۔شبیر احمد شاہ نے اپنے بیان میں واضح کیا کہ امن کو موقع دے کر بھارت بڑا بننے کی خواہش پوری کرسکتا ہے لیکن اس کیلئے اسے ہتھیاروں کی دوڑ ،دوسرے ممالک میں مداخلت سے گریز اور مسئلہ کشمیر کوکشمیریوں کی خواہشات کے مطابق حل کرنا ہو گا ۔