خبرنامہ کشمیر

روزنامہ کشمیر ریڈر پر پابندی قابض انتظامیہ کی بوکھلاہٹ ہے،شبیر شاہ

سرینگر ۔ 3 اکتوبر (اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے سیکرٹری جنرل شبیر احمد شاہ نے روزنامہ کشمیر ریڈر پر پابندی کو قابض انتظامیہ کی بوکھلاہٹ قراردیتے ہوئے کہاہے کہ خیالات کے جنگ کا ڈھنڈورا پیٹنے والے اب بے نقاب ہوگئے ہیں۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق شبیر احمد شاہ نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں کہا کہ خیالات کے جنگ کی وکالت کرنے والے لوگوں پر اپنے مظالم کو چھپانے کے لیے اخبارات پر پابندی عائد کررہے ہیں۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کیا جو لوگ بات بنے گی بولی سے جیسے خوشنما نعرے لگاتے ہوئے نہیں تھکتے تھے وہ آج بھارتی فوج کی طاقت کے بل پر جنت نشان وادی کو جہنم زار بنارہے ہیں۔ انہوں نے اخبارات اور میڈیا پر پابندی کو لوگوں کے بنیادی حق پر شب خون مارنے کے مترادف قرار دیتے ہوئے عالمی برادری کو اس کانوٹس لینے کی اپیل کی۔ شبیر احمد شاہ نے کلگام کے علاقوں ہاؤپورہ،مشی پورہ،کھڑونی اورریڈونی میں بھارتی فورسز کے ہاتھوں گھروں کی توڑ پھوڑ ،مکینوں کی مارپیٹ ،فصل ،دکانوں اور مکانوں کو نذر آتش کئے جانے کو غیر انسانی عمل قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایک طرف ان کاروائیوں کی ویڈیو اس بات کا زندہ ثبوت ہے کہ بھارتی فورسز اسرائیلی طرز پرلوگوں کو انتقام کا نشانہ بنارہی ہیں اور دوسری طرف بھارتی پولیس اور فوج اپنے سیاہ کارناموں پر پردہ ڈالنے کے لئے ایک بیان جاری کرکے ان کاروائیوں سے انکار کررہی ہیں اور انجان بننے کا ڈرامہ کررہی ہیں ۔ انہوں نے عوام کے خلاف انتقامی کاروائیوں کے لئے پی ڈی پی کی سربراہی میں مخلوط کٹھ پتلی حکومت کو ذمہ دار قراردیتے ہوئے کہا کہ اس نے کشمیرمیں نازی طرز عمل اختیار کرکے ایک خونین کھیل شروع کررکھا ہے۔