خبرنامہ کشمیر

رکن آزاد کشمیر کونسل سردار عبدالخالق وصیؔ کی وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال سے ملاقات

اسلام آباد (ملت + آئی این پی) ممبر آزاد جموں وکشمیر کونسل سردار عبدالخالق وصیؔ کی وفاقی وزیر برائے ڈویلپمنٹ اینڈپلاننگ پروفیسراحسن اقبال سے ملاقات۔ملاقات میں آزاد جموں و کشمیر کی تعمیر وترقی،اقتصادی راہداری، آزاد جموں و کشمیر کا ترقیاتی بجٹ اورجماعتی معاملات سمیت دیگر باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق ممبر آزاد جموں وکشمیر کونسل سردار عبدالخالق وصیؔ نے گذشتہ روز اسلام آباد میں وفاقی وزیر برائے ڈویلپمنٹ اینڈ پلاننگ پروفیسراحسن اقبال سے ملاقات کی۔ ملاقات میں پروفیسر احسن اقبال نے گفتگو کرتے ہوئے کہ کہا کہ وزیر اعظم پاکستان آزاد کشمیر کی تعمیر وترقی میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں حکومت پاکستان آزاد کشمیر کے عوام کو فوری ریلیف فراہم کرنے کیساتھ ساتھ کئی طویل المدتی منصوبہ جات پر کام کر رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ بہتر طرز زندگی اور عام آدمی کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی محمد نواز شریف کا خواب ہے اور آزاد کشمیر کے لوگوں کو بھی اتنا ہی حق ہے جتنا کے باقی چاروں صوبوں کے عوام کو حاصل ہے۔ پروفیسراحسن اقبال نے کہا کہ آزاد کشمیر کے ترقیاتی بجٹ میں اضافہ کیا جائیگا، چاروں صوبوں سمیت آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے عوام بھی اقتصادی راہداری جیسے انقلابی منصوبہ کے ثمرات سے مستفید ہونگے اور آزاد کشمیر میں کئی میگا پروجیکٹس سمیت ایکسپریس ویز کی تعمیر، مظفر آباد، راولاکوٹ ائیر پورٹس کی بحالی اور راولپنڈی تا مظفر آباد ریلوے لائن کی تعمیر مسلم لیگ(ن) کی ترجیحات میں شامل ہے۔انہوں نے گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا کہ قائد پاکستان محمد نواز شریف نے آزاد کشمیر میں مسلم لیگ(ن) کا جو پودا لگایا تھا وہ اب ثمر بار ہو رہا ہے اور حکومت آزاد کشمیر سے بہترین ورکنگ ریلیشن شپ ہے اب ہماری کوشش ہے کہ آزاد کشمیر میں عام آدمی کے معیار زندگی کو بہتر کیا جائے اور اس کیلئے آزاد کشمیر میں کئی میگا پروجیکٹس پر کام شروع ہو چکا ہے اور کئی منصوبے زیر کار ہیں اور ان منصوبوں کا جائزہ لینے کیلئے وہ21فروری کو مظفر آباد کا دورہ بھی کرینگے۔ اس موقع پر ممبر آزاد جموں و کشمیر کونسل سردار عبدالخالق وصیؔ نے کہا کہ آزاد کشمیر کے عوام محمد نواز شریف کے شکرگذار ہیں کہ وہ آزاد کشمیر کی تعمیر وترقی میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسوقت آزاد کشمیر کا ترقیاتی بجٹ12ارب کے قریب ہے اور ضرورت اس امر کی ہے کہ آزاد کشمیر کے بجٹ کو دوگنا کیا جائے اور میگا پروجیکٹس کے ساتھ ساتھ رابطہ سڑکوں کی تعمیر، سکولز، ڈسپنسریوں اور دیگر سرکاری عمارات کی تعمیر کیلئے بھی آئندہ بجٹ میں فنڈز مختص کیے جائیں تاکہ لوگوں کو فوری ریلیف مل سکے اور پاکستان کی معروف یونیورسٹیوں میں کشمیر چیئرز کا قیام عمل میں لایا جائے۔