خبرنامہ کشمیر

سانحہ ایکسپریس 68 بے گناہ پاکستانی شہداء کے ورثاء کو آج تک انصاف نہیں مل سکا:مولاناعبدالعزیز

مظفرآباد (آئی این پی)امیرجماعۃ الدعوۃآزادکشمیرمولاناعبدالعزیز علوی نے کہا ہے کہ سانحہ سمجھوتہ ایکسپریس کو نو برس بیت گئے مگر 68 بے گناہ پاکستانی شہداء کے ورثاء کو آج تک انصاف نہیں مل سکا۔مودی کے دور حکومت میں ہندو انتہا پسندوں کو بے گناہ قراردیکر رہا کیا جارہا ہے۔دنیا بھر میں دہشت گردی کا راگ الاپنے والے انڈیا کے اندر پاکستانی مسافروں پر سرکاری سرپرستی میں دہشت گردی کی کاروائی کروائی گئی۔انہوں نے کہا کہ تعجب کی بات ہے کہ ممبئی حملوں اور پٹھان کوٹ واقعے کی ایف آئی آر تو پاکستان میں درج ہے مگر 68 پاکستانیوں کی آیف آر آج تک درج نہیں ہو سکی ۔ اس معاملے پر انڈیا سے بات کی جاتی ہے تو وہ بھی محض رسمی ۔ پاکستان اور بھارت کے مابین مذاکرات ہوں تو بات صرف دہشت گردی پر کی جاتی ہے۔ ممبئی حملوں کا توشور مچایا جاتا ہے لیکن سانحہ سمجھوتہ ایکسپریس جس میں بے گناہ پاکستانی شہید ہوئے اس کا اوران بھارتی فوجی آفیسران کی دہشت گردی کا کوئی ذکر نہیں کیا جاتا۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت کا دعویدار انڈیا اپنے ہی آئین و قوانین کی دھجیاں اُڑا رہا ہے اور اپنے جذبات کا اظہار کرنے والے اپنے ہی شہریوں پر غداری کے مقدمے درج کر رہا ہے ۔ ان شاء اللہ ستر سال سے جاری پر عزم شہادتوں کی درخشاں تحریک آزادی کشمیر اپنے انجام کو ضرور پہنچے گی۔ ہم مظلوم کشمیری مسلمانوں کے ساتھ ہیں اور انہیں آزادی ملنے تک ہر لحاظ سے ان کا ساتھ دیتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم پوری دنیا سے کہتے ہیں کہ وہ بھارت کا مکروہ چہرہ پہچانے اور کشمیریوں کو آٹھ لاکھ بھارتی فوج کے ظلم و ستم سے نجات دلوائی جائے ۔