خبرنامہ کشمیر

سرینگر: بھارتی فورسز کے ہاتھوں مکانوں اور گاڑیوں کی توڑ پھوڑ کے خلاف زبردست احتجاجی مظاہرے

سرینگر ۔ 16 اکتوبر (ملت + اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز نے سرینگر کے علاقے ٹینگہ پورہ میں رہائشی مکانات اورگاڑیوں کی توڑ پھوڑ کی جس کے خلاف لوگوں نے زبردست احتجاجی مظاہرے کئے اور آزادی کے حق میں اور بھارت کے خلاف فلک شگاف نعرے بلند کئے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ بھارتی فورسز نے گھروں میں گھس کر الیکٹرانک ساز وسامان سمیت گھریلو اشیاء کی توڑ پھوڑ کی اور بجلی ٹرانسفارمروں کو تباہ کردیا ۔ بھارتی فورسز اور پولیس نے مقامی مسجد کے شیشوں کو بھی چکنا چور کیا ۔اس صورتحال کے بعد مقامی مساجد کے لاؤڈ اسپیکروں سے لوگوں کو سڑکوں پرآنے کیلئے کہا گیا۔ لوگ گھروں سے باہر آئے اور اس واقعے کے خلاف زبردست احتجاجی مظاہرے کئے۔بھارتی فورسز نے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے آنسوں گیس کی شدید شیلنگ کی اور گھروں کے اندر بھی ٹیر گیس کے گولے داغے جبکہ فورسز نے مکانوں پر پتھر بھی پھینکے جس کی وجہ سے کھڑکیوں کے شیشے ٹوٹ گئے اور کمروں میں بچھا فرش جل گیا۔عینی شاہدین نے کہا کہ فورسز نے مکانوں کی کھڑکیاں اور دروازے بھی توڑے۔ انہوں نے کہا کہ سڑکوں اور صحنوں میں کھڑی گاڑیوں کو بھی شدید نقصان پہنچایا گیا جبکہ کم از کم3بجلی ٹرانسفارمروں کو تباہ کیا گیا۔