خبرنامہ کشمیر

سرینگر میں نہتے کشمیریوں کے قتل عام کے خلاف دوسرے روز بھی احتجاجی مظاہرہ

مقبوضہ کشمیر :کپواڑہ

سرینگر میں نہتے کشمیریوں کے قتل عام کے خلاف دوسرے روز بھی احتجاجی مظاہرہ

حریت قیادت کی طرف سے تہاڑ جیل میں کشمیری نظربندوں کی حالت زار پر اظہار تشویش
سرینگر(ملت آن لائن) مقبوضہ کشمیر میں مشترکہ حریت قیادت نے آج دوسرے دن بھی حیدر پورہ سرینگر میں شوپیاں ، پلوامہ ، کولگام اور اسلام آباد کے اضلاع میں بھارتی فوجیوں کی طرف سے جاری کارروائیوں کے دوران نہتے کشمیریوں کے قتل عام کے خلاف آزادی کے حق میں ایک احتجاجی مظاہرہ کیا۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق مظاہرے کے مقررین بشمول شیخ رشید احمد ، عمر عادل ڈار،بشیر کشمیری ، شوکت احمد بخشی ، نورمحمد کلوال ، مختار احمد صوفی ، یاسر دلال اور دیگر نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہاکہ مقبوضہ علاقے میں بھارتی فوجیوں کو نہتے کشمیریوں کے قتل عام کی کھلی چھوٹ حاصل ہے اورفوجیوں کو کشمیریوں کی نسل کشیُ کا لائسنس دیاگیا ہے ۔انہوں نے کہاکہ بھارت مسئلہ کشمیر کے حل میں تاخیر کیلئے سیاسی گیم کھیل رہا ہے ۔ انہوں نے حالیہ دنوں میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں کشمیریوں کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاکہ کشمیری شہداء کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیا جائیگا او رانکے مشن کو ہرقیمت پر اسکے منطقی انجام تک جاری رکھا جائیگا ۔ ادھر سیدعلی گیلانی ، میر واعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک پر مشتمل مشترکہ حریت قیادت نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں نئی دلی ہائی کورٹ کی رپورٹ جس میں معروف آزادی پسند کشمیری رہنما سید صلاح الدین کے فرزند شاہد یوسف کے ساتھ بدنام زمانہ تہاڑ جیل میں غیر انسانی سلوک روا رکھے جانے کی تصدیق کی گئی ہے پر شدید تشویش ظاہر کی ہے۔ انہوں نے کہاہے کہ سینئر حریت رہنماء شبیر شاہ سمیت تمام سیاسی نظربندوں کی زندگیوں کو شدید خطرہ لاحق ہے ۔ رپورٹ میں جیل میں نظربند کشمیریوں کی حالت کو انتہائی ناگفتہ بہہ قراردیاگیا ہے ۔