خبرنامہ کشمیر

سرینگر میں گھر گھر تلاشیوں اور محاصرے کی کارروائیوں کی شدید مذمت

سرینگر میں گھر گھر تلاشیوں اور محاصرے کی کارروائیوں کی شدید مذمت

سرینگر ۔ 16 جنوری (اے پی پی) مقبوضہ کشمیرمیں عوامی مجلس عمل نے کشمیری عوام کواپنی حق و انصاف پر مبنی جدوجہد سے باز رکھنے کی سرکاری مہم کے تحت سرینگر کے شہر خاص کے علاقوں میں گھر گھر تلاشی، محاصرے اور لوگوں کو زدوکوب اور ہراساں کرنے کی شدید مذمت کی ہے۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق عوامی مجلس عمل کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں 26 جنوری کو بھارت کے یوم جمہوریہ کی آمد سے قبل ہی جگہ جگہ پرراہ گیروں اور مسافر گاڑیوں کی تلاشی، مختلف اضلاع کے شہر و گام میں کریک ڈاؤن، گھر گھر تلاشیوں اور گرفتاریوں کے تازہ چکر کی شدید مذمت کی۔ انہوں نے کہاکہ چہار سو خوف و ہراس کا ماحول پیدا کرکے لوگوں کو ہراساں اور زدوکوب کر کے بھارت اور اس کی کٹھ پتلی انتظامیہ کے امن اور جمہوریت کے دعوے بے نقاب ہو گئے ہیں۔انھوں نے کہاکہ بھارتی یوم جمہوریہ کی آمد سے قبل ہی پوری وادی کشمیر کو فوجی قلعے میں تبدیل کردیاگیا ہے اور بھارتی فورسز گھر گھر تلاشی کے علاوہ راہگیروں اور گاڑیوں کی تلاشیاں لے رہے ہیں اور نوجوانوں کے موبائیل فونز اور لیپ ٹاپس کو بھی چیکنگ کی جارہی ہے۔ ترجمان نے شہر خاص کے لاکھوں لوگوں کو بار بار کرفیو، قدغنوں اور بندشوں کی زد میں لانے،انہیں اقتصادی ،معاشی، تجارتی اور تعلیمی لحاظ سے پیچھے دھکیلنے اورپارٹی کے سربراہ میر واعظ عمر فاروق کو مسلسل گھر میں نظربند رکھنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاکہ سرکاری سطح پر ان غیر جمہوری اقدامات اور انتقامی کارروائیوں کا مقصد حریت قیادت اور عوام کو اپنے حق و انصاف پر مبنی منصفانہ جدوجہد سے دستبردار کرانا ہے تاہم انہوں نے واضح کیا کہ اس طرح کی کارروائیوں سے حریت قائدین اور کشمیری عوام کے جذبہ حریت کو کمزور نہیں کیاجاسکتا اور کشمیری عوام اپنی حق پر مبنی جدوجہد آزادی کو اس کے منطقی انجام تک جاری رکھیں گے اور اس سلسلے میں کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے ۔ ادھر عوامی مجلس عمل نے پارٹی رہنماء ایڈووکیٹ عبدالرؤف دلال کو ان کی چھٹی برسی پر زبردست خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ اس سلسلے میں خانیار میں ایک تقریب منعقد کی گئی ۔