خبرنامہ کشمیر

سری نگر میں محرم کے جلوسوں پر پابندی عائد

سری نگر میں محرم کے جلوسوں پر پابندی عائد

سری نگر(ملت آن لائن)قابض انتظامیہ نے شہر میں محرم الحرام کے حوالے سے جلوسوں پر پابندی عائد کردی۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں قابض انتظامیہ نے سری نگر میں محرم الحرام کے حوالے سے جلسے جلوسوں پر پابندی عائد کرتے ہوئے متعدد مذہبی رہنماؤں کو گرفتار کرلیا ہے۔

قابض فورسز نے مذہبی رہنما ناصر حسین راٹھور اور محمد یوسف ندیم سمیت سیکڑوں کارکنان کو بھی گرفتار کرلیا گیا ہے۔

میڈیا سروس کےمطابق محرم الحرام کے جلوس روکنے کے لیے پولیس اور فورسز کی اضافی نفری تعینات کی گئی ہے جب کہ عوام کو گھروں سے نکلنے کی بھی اجازت نہیں دی جارہی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق قابض انتظامیہ کی جانب سے یہ پابندی یوم عاشور تک برقرار رکھے جانے کا اعلان کیا گیا ہے۔

دوسری جانب حریت رہنما سید علی گیلانی نے قابض انتظامیہ کی جانب سے محرم کے جلوس پر پابندی عائد کرنے کی شدید مذمت کی ہے۔
حریت رہنما میر واعظ عمر فاروق کو سری نگر میں ان کی رہائش گاہ پر نظر بند کردیا گیا۔

میر واعظ کے ترجمان کے مطابق میر واعظ محرم کے حوالے سے ایک سیمینار میں شرکت کے لیے حریت رہنما سید علی گیلانی کے گھر جانے والے تھے کہ انہیں قابض بھارتی فوج نے سری نگر میں واقع ان کی رہائش گاہ پر ہی نظر بند کر دیا۔

پاکستان نے کہا ہے کہ بھارت کشمیر میں پیلٹ گن کے استعمال اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے انکار نہیں کرسکتا۔