خبرنامہ کشمیر

سپیکر شاہ غلام قادر کا او آئی سی کے وفد آئی پی ایچ آر سی کے دورہ آزاد کشمیر کا خیر مقدم

مظفرآباد (ملت + آئی این پی) آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے سپیکر شاہ غلام قادر نے او آئی سی کے نمائندہ وفد آئی پی ایچ آر سی جسکی قیادت مسٹر میڈ ایس کے کاگوا کر رہے تھے کے حالیہ دورہء آزاد کشمیر کا خیر مقدم کیا ہے جس میں وفد نے مقبوضہ کشمیر سے ہجرت کر کے آزاد کشمیر آنے والے مہاجرین کے کیمپوں کا بھی دورہ کیا۔ سپیکر اسمبلی نے کہا کہ آزاد کشمیر پُرامن خطہ ہے جہاں پر بین الاقوامی وفود آزادانہ طور پر آ جا سکتے ہیں۔ جبکہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر کو عملی طور پر پولیس سٹیٹ میں تبدیل کر رکھا ہے اور عالمی برادری سمیت انسانی حقوق کے نمائندوں پر بھارت نے یکطرفہ پابندی عائد کر رکھی ہے تاکہ مقبوضہ کشمیر میں ڈھائے جانے والے مظالم پر پردہ ڈالا جا سکے۔ یہ سراسر امتیازی سلوک ہے اور اس کی آڑ میں بھارت نہتے کشمیریوں کو بدترین مظالم کا نشانہ بنا رہا ہے۔ جسکی مذمت کی جاتی ہے۔ دوسری جانب پاکستان میں کسی پر کوئی پابندی نہیں اور انسانی حقوق کی تنظیمیں اور ادارے آئے روز تشریف لاتے ہیں اور پاکستان کے خلاف پراپیگنڈہ کے مغائر رپورٹ پیش کرتے ہیں۔او آئی سی کے نمائندہ وفد آئی پی ایچ آر سی کا حالیہ دورہء پاکستان و آزاد کشمیر بھارت کے منہ پر طمانچہ ہے کہ اس وفد نے یہاں کشمیر کے پُر امن حالات کا آزادانہ مشاہدہ کیا۔ جبکہ بھارت کی یہ خام خیالی ہے کہ غیر جانبدار وفود کو مقبوضہ کشمیر آنے سے روک کر وہ مقبوضہ کشمیر میں مسلمانوں کو بیدردی سے شہید، نوجوانوں کو پیلٹ گنوں سے اندھا اور زخمی کرنے اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو بین الاقوامی برادری سے پوشیدہ رکھ لے گا۔ بھارتی دہشت گرد افواج کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں نہتے کشمیریوں کے انسانی حقوق اور آزاد ی کے تسلیم شدہ حق کی پامالی اور بھارت کا اپنے آپ کو کسی کے سامنے جوابدہ نہ ہونے کا رویہ و عمل دراصل بھارت اپنی تباہی و بربادی کا سامان خود پیدا کر رہاہے۔