خبرنامہ کشمیر

سیاست دانوں کا مقصد بھارتی تسلط کو طول دینا ہے ،دختران ملت

سرینگر: (ملت+اے پی پی) مقبوضہ کشمیرمیں دختران ملت نے کہا ہے کہ جموں و کشمیر میں بھارت نواز سیاسی جماعتوں اور سیاست دانوں کا واحد اور دائمی مقصد مقبوضہ علاقے پر بھارت کے تسلط کوطول اور دوام بخشنا ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق دختران ملت کی جنرل سیکریٹری ناہیدہ نسرین نے سرینگر میں جار ی ایک بیان میں کہا کہ آج کل بھارت نواز نیشنل کانفرنس وہی ڈرامہ رچا رہی ہے جو حزب اختلاف میں رہتے ہوئے پی ڈی پی نے رچایا تھا۔انہوں نے کہاکہ جب پی ڈی پی اقتدار سے باہر تھی تب وہ بھی انسانی حقوق کی باتیں کیا کرتی تھی۔ انہوں نے کہاکہ یہ دونوں تنظیمیں اپنے بھارتی آقاؤں کے اشاروں پر کام کر رہی ہیں اورجموں وکشمیر پر اسکے فوجی تسلط کو مضبوط اورطول دینا ان کاواحد مقصد ہے۔انہوں نے کہا کہ جس طرح نیشنل کانفرنس برہان وانی کو مجاہد آزادی قرار دے رہی ہے بالکل اسی طرح محبوبہ مفتی بھی طفیل متو اور وامق فاروق کے غم میں آنسو بہایا کرتی تھی۔ دونوں تنظیموں کو موقع پرست قرار دیتے ہوئے ناہیدہ نسرین نے کہا کہ اقتدار میں آنے سے قبل یہ لوگ ایک بولی بولتے ہیں اور اقتدار پاتے ہی ان کے تیور بدل جاتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ کشمیری عوام کو این سی یا پی ڈی پی سے کسی خیر کی امید نہیں رکھنی چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ اقتدار کی ہوس میں یہ کسی بھی حد تک جانے کیلئے تیار ہیں۔