خبرنامہ کشمیر

سیاسی قیادت کی نسبت فوجی حکمرانوں نے کشمیرکازکیلئے زیادہ کام کیا‘آسیہ اندرابی

سرینگر (ملت + آئی این پی) دختران ملت مقبوضہ کشمیر کی سربراہ سیّدہ آسیہ اندرابی نے کہا ہے کہ پاکستان کی منتخب قیادت کی نسبت فوجی حکمرانوں نے کشمیرکازکیلئے زیادہ کام کیا۔پاکستان میں بھارتی فلموں کی نمائش ہمارے زخموں پرنمک پاشی کے مترادف ہے،اس اقدام سے دکھ پہنچا ۔ سیاسی جماعتوں کے اختلافات کشمیرکا ز کیلئے نقصان دہ ہیں ، بھارت نے ہماری زمینوں پر قبضہ کیا ہے لیکن ہمارے قلوب پاکستان کے اسیر ہیں۔ بھارت گذشتہ سات دہائیوں سے کشمیریوں پر ظلم کر رہا ہے ، اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل نہ ہوا تو کشمیر کا ہرجوان بندوق اٹھا لے گا۔تحریک آزادی کشمیرکے حق میں آواز اٹھانے والے حافظ سعید کو نظر بند کرنے سے مایوسی ہوئی ہے۔ حافظ سعید کی نظر بندی بیرونی دباؤ پر ہوئی ، کشمیر کے بغیر پاکستان نامکمل ہے ، بھارت سے کشمیر آزاد کروانا پاکستان کی ذمہ داری ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ورلڈ کالمسٹ کلب کے زیر اہتمام ایک تقریب سے ٹیلیفونک خطاب کرتے ہوئے کیا۔س دوران بھارتی فورسز نے ان کے گھر کامحاصرہ کرلیا اوربعدازاں انہیں نظربندکردیا گیا۔اس موقع پر ورلڈ کالمسٹ کلب کے چیئرمین ایثار رانا،مرکزی صدر محمد ناصر اقبال خان،مرکزی سیکرٹری جنرل ذبیح اللہ بلگن،یحییٰ مجاہد،رابعہ رحمن،قاضی سعداختر،جاوید اقبال،ڈاکٹرعمرانہ مشتاق،سردارمراد علی خان،ممتاز حیدر اعوان،ناصرچوہان ایڈووکیٹ،میاں اشرف عاصمی ایڈووکیٹ،نسیم الحق زاہدی،محمد شاہد محمود،رقیہ غزل،حبیب اللہ قمر،ارشاد احمد ارشد و دیگر بھی موجود تھے۔مرکزی چیئرمین ایثاررانا نے سیّدہ آسیہ اندرابی اوران کے اسیرشوہرسمیت اسیرکشمیری قیادت کی استقامت کوزبردست الفاظ میں سراہااورکہا کہ قلم قبیلے کے لوگ اپنے مظلوم کشمیری بھائی بہنوں سے اظہاریکجہتی کیلئے کلمہ حق بلندکرتے رہیں گے ۔ سیّدہ آسیہ اندرابی نے مزیدکہا کہ جموں کشمیر کی ایک چھوٹی سی ریاست ہے جہاں بھارت کے 10لاکھ فوجی دندناتے پھررہے ہیں یہ ایک قید خانہ ہے جس میں کشمیری زندگی کی سانسیں مکمل کررہے ہیں۔ آج سری نگرمیں لال چوک میں ایک سیمینار منعقد ہوا تھا لیکن بھارتی فوجیوں نے تحریک آزادی کشمیر کے قائدین کو گھروں میں نظربند کر کے کرفیو لگا دیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ بانی پاکستان قائد اعظمؒ نے کشمیر کوپاکستان کی شہ رگ قراردیاتھا ہے ۔جس پر بھارت کا فوجی قبضہ دن بدن بڑھتا جا رہا ہے۔کشمیری دو قومی نظریہ کو لے کر آزادی کی جنگ لڑ رہے ہیں۔بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے پاکستان دشمنی پر الیکشن لڑا اور اس نے بنگلہ دیش میں پاکستان کو دولخت کرنے کا بھی اعتراف کیا۔بھارتی فوجی کشمیر یوں پر بدترین ظلم کررہے ہیں۔بھارتی فوج کے مقابلے میں ہمارے کمسن بچے پتھر اٹھا کر مقابلہ کر رہے ہیں۔برہان وانی شہید کی شہادت کے بعد تحریک تیزتر ہوئی ہے۔کشمیریوں کی امیدوں کا محور و مرکز پاکستان ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم نے اڑھائی لاکھ شہداء کی قربانیاں پیش کی ہیں ہمیں اتنا دکھ نہیں ہوا جتنا پاکستان کی طرف سے حافظ محمد سعید کو نظر بند کرنے پر ہوا۔حافظ محمد سعید تحریک کشمیر کو عوامی سطح پر منظم کر رہے تھے ۔انکی نظربندی کی وجہ سے تحریک کشمیر کو نقصان پہنچا ہے۔کشمیر میں اب ہمیں طعنے دیئے جاتے ہیں کہ تم حافظ محمد سعید اور پاکستان کی بات کرتے ہو پاکستان نے تو حافظ محمدسعید کو نظر بند کردیا ہے۔ہم انکی رہائی کا بھر پور مطالبہ کرتے ہیں۔ حافظ محمد سعید نے فروری میں عشرہ یکجہتی کشمیراور 2017کو کشمیر کے نام کرنے کا اعلان کیا تھا، وزیراعظم نواز شریف نے جب اقوام متحدہ میں کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ قرار دیا تھا تو اس وقت کشمیریوں کے دل جھو م اٹھے تھے ہم پاکستان کے نظام میں مداخلت نہیں کرتے لیکن ہمیں بتایا جائے کہ ہمارے بھائی ہمارے لیے آواز بلند کرنے والے حافظ محمدسعید کو نظر بند کیوں کیا گیا ؟ پاکستان کو توڑنے کے خواب دیکھنے والے خود ٹوٹ جائیں گے۔ انڈیا اکھنڈ بھارت کے خواب دیکھ رہا ہے لیکن اسے معلوم ہونا چاہیے کہ آج کے پاکستان اور 1971ء والے پاکستان میں بہت فرق ہے۔ اس ملک کا ہر بچہ سچا سپاہی ہے اورضرورت پڑنے پر اپنے ملک بھرپورکا دفاع کر ے گا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں فوجی کالونیاں بنارہا ہے۔ ایک سازش کے تحت ہندو پنڈتوں کو یہاں بسایا جارہا ہے ۔ہندوستان کا ناپاک مقصد یہ ہے کہ یہاں مسلمانوں کی تعداد کو کم کیا جائے اور دنیا کو بتایا جائے کہ یہاں ہندوؤں کی تعداد زیادہ ہے اسلئے یہ ہندوستان کا حصہ ہے ۔صحافتی سطح پر بھی ہمارے خلاف جنگ کا محاذگرم کیاگیا ہے چاہے سوشل میڈیا ہو الیکٹرونک میڈیا ہو یا پرنٹ میڈیا ہو ہر جگہ پر ہمارے خلاف شرانگیز زبان استعمال کررہے ہیں۔ آج یہاں پر کشمیری شہید ہورہے ہیں اور پاکستان کے پرچم میں دفن ہورہے ہیں۔ کشمیر کا مسئلہ پاکستان کی بقاء اورسا لمیت کا معاملہ ہے پاکستان کو کشمیر کی آزادی کیلئے دوررس اورکلیدی کردار ادا کرنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ بھارتی فوجی ہمارے معصوم بچوں کوپیلٹ گن سے نشانہ بناتے ہیں جس میں سے چارسو چھرے نکلتے ہیں۔ ہم بجلی بنانے والے سب سے بڑا ملک بن سکتے ہیں لیکن ہمیں بجلی کی فراہمی مہنگے داموں کی جاتی ہے۔ ہندوستان نے کبھی یہاں کسی قسم کی انڈسٹری لگانے کی اجازت نہیں دی کہ کہیں کشمیری ترقی نہ کرجائیں ۔انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد نہ کیا گیا تو کشمیر کا بچہ بچہ بندوق اٹھائے گا اور آزادی کیلئے سردھڑکی بازی لگادے گا۔ ہم بھارت کے ساتھ کسی قیمت پر نہیں رہ سکتے ،کشمیر کی آزادی کے بغیر پاکستان نامکمل ہے ،قائد اعظمؒ کے افکار کی روشنی میں کشمیر کی آزادی پاکستان کی بنیادی ذمہ داری ہے ہم پاکستانیوں سے کہتے ہیں کہ وہ ایک ہو جائیں اور اختلافات چھوڑ دیں اپنے اپنے سیاسی ایجنڈے ضرور رکھیں لیکن کشمیر سمیت قومی ایشوزپر اتحاد و اتفاق بھی رکھیں۔سیّدہ آسیہ اندرابی نے کہا کہ نظریہ پاکستان ہی بقائے پاکستان ہے اور اسی نظریہ پر کشمیری پاکستان کے ساتھ ہیں۔