خبرنامہ کشمیر

سیاسی مداخلت نے نظام تعلیم کو بری طرح متاثر کیا:‌عبدالرشید ترابی

ہاڑی گہل (ملت + آئی این پی) جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے امیر وممبر قانون ساز اسمبلی عبدالرشید ترابی نے کہا ہے کہ سابقہ ادوار میں سیاسی مداخلت نے نظام تعلیم کو بری طرح متاثر کیے رکھا جس قوم کی مائیں تعلیم کی قدر وقیمت سے آگاہ ہو جائیں اس قوم کو عروج پر جانے سے کوئی نہیں روک سکتا ،ریڈ فاؤنڈیشن عالمی سطح پر جانی پہچانی تعلیمی این جی او ہے حکومت ایسی تعلیمی این جی اوز جو نسل نو کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کر کے حکومت کے بوجھ کو کم رہی ہیں ان کی حوصلہ افزائی کی جائے ،نظام کی اصلاح ہمارا فوکس ہے کشمیر کی آزادی کے لیے بیس کیمپ کا کردار فیصلہ کن ہو گا ،ان خیالات کااظہار انہوں نے کفل گڑھ کے نواحی گاؤں سلاخی کے مقام پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے سرکاری محکمہ تعلیم کی زبو خالی کو دیکھ کر نسل نو کے مستقبل کو بچانے کے لیے ریڈ فاؤنڈیشن قائم کی جس میں ایک لاکھ بچے زیر تعلیم ہیں یہ فاؤنڈیشن آزادکشمیر گلگت بلتستان میں بچوں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنے کے ساتھ ساتھ ان کی تربیت کا بھی بندوبست کررہی ہے ،ہم ایسی تمام تعلیمی این جی اوز جو اس میدان میں اچھا کا م کررہی ہیں ان کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں انہوں نے کہا کہ پبلک سروس کمیشن کی تشکیل نو اور این ٹی ایس کے ذریعے اساتذہ کی بھرتیاں نظام تعلیم کو بہتر کریں گی اور نوجوانوں کے اندر مایوسی کی کیفیت ختم ہو گی اور میرٹ کی بنیاد پر ان کو روزگار فراہم ہو گا ،جماعت اسلامی کوشش کررہی ہے کہ آزاد کشمیر میں کوئی بھی حقدار حق سے محروم نہ ہو بلکہ میرٹ کی بنیاد پر حق اس کو ملے ،انہوں نے کہا کہ مائیں اپنے بچوں کو اسلامی تعلیمات سے روشناس کروائیں اپنے گھروں کے مورچوں کو مضبوط کریں ہر گھر سے گانے کے بجائے قرآن کی تلاوت کی آواز آنی چاہیے نماز امانت دیانت اور حق گوہی کی تربیت بچوں کو دی جائے انہوں نے کہا کہ عالمی طاغوت کا ایجنڈا ہے کہ امت مسلمہ کے نوجوانوں اور خواتین کو دین سے دور کر کے اس امت کا شیرازہ بکھیر دیا جائے ہم سب نے مل کر مغرب کے اس گنوننے ایجنڈے کو ناکام بنانا ہے اس موقع پر انہوں نے کہا کہ سلاخی اور کفل گڑھ ایک تاریخ ساز خطہ ہے یہاں سے تحریک آزادی کے نامور ہیرو مولانا عبداللہ کفل گڑھی مرحوم ،کپٹن نور حسین مرحوم نے بھرپور کردار ادا کیا علماء میں مولانا امیر عالم ،مولانا عالم دین سمیت دیگر علماء نے اسلامی تعلیمات سے لوگوں کو روشناس کروایا کپٹن رفیق مرحوم سمیت یہاں کے قائدین کا بڑا سیاسی اور سماجی کردار رہا ہے اس کو زندہ کرنے کی ضرورت ہے یہاں کے طلبہ نے ہر میدان میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے اس کی اتباع کی بھی ضرورت ہے یہاں کے نوجوان تعلیم کے میدان میں آگے بڑھیں انہوں نے کہا کہ داڑا کوٹ روڈ،سلاخی روڈ سمیت دیگر کام کیے جائیں گے انہوں نے کہا کہ سی پیک میں کشمیر کو شامل کرنے کی وجہ سے یہاں بھی بڑے بڑے صنعتی زون قائم ہوں گے مرکز سے وسائل حاصل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے این ایف سی ایوارڈ ،ہائیڈرل پراجیکٹس کے حوالے سے معاہدے کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ان وسائل کی وجہ سے یہاں کے مسائل حل ہو جائیں گے ،بیروزگاری کا خاتمہ ہو گا میرٹ کی بنیاد پر لوگوں کے کام ہوں گے کرپشن اور سفارش کے کلچر کو ہمیشہ کے لیے دفن کریں گے ،اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ہمارے اسلاف نے جہاد کے ذریعے یہ خطہ آزاد کروایا ہے بقیہ کشمیر کی آزادی ہم پر قرض ہے مقبوضہ کشمیر میں گرنے والے شہداء کے مقدس خون کے ایک ایک قطرے کا ہندوستان سے حساب لیں گے کشمیر کی آزادی نوشتہ دیوار ہے ہندوستان اس کو پڑھ لے موت سے بے خوف کشمیریوں کو ہندوستان طاقت کی بنیاد پر غلام نہیں رکھ سکتا ۔