خبرنامہ کشمیر

سیدعلی گیلانی،ڈاکٹر ذاکر نائیک پر پابندی کی مذمت

سرینگر : (ملت+اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے ممتاز اسلامی سکالر ڈاکٹر ذاکر نائیک کے ادارے اسلامک ریسرچ فاوٗندیشن(آئی آر ایف) پر پابندی کے بھارتی حکومت کے اقدام کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت میں مسلمانوں کے تمام جمہوری ، سیاسی ،معاشرتی حتی ٰ کہ مذہبی حقوق پر پابندی عائد کر کے انہیں تیسرے درجے کے شہری کے طور پر زندگی گزارنے پر مجبور کیا جا رہاہے کشمیر میڈیا سروس کے مطابق سید علی گیلانی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ ڈاکٹر ذاکرنائیک نے اسلامک ریسرچ فاؤنڈیشن کا قیام1991میں عمل میں لایا تھا اور تب سے یہ ادارہ اسلامی تعلیمات کے فروغ کے علاوہ اسلام کے متعلق پھیلائی جانے والی غلط فہمیوں اور شکوک و شبہات کو قران و سنت کی روشنی میں دور کرنے کی کوششوں میں مصروف ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر نائیک دلائل اور ٹھوس شواہد کی بنیاد پر اپنا نقطہ نظر عوام کے سامنے رکھنے میں ید طولیٰ رکھتے ہیں اوروہ یہ تمام کام قانونی اور آئینی حدود کے دائرے میں رہ کر کر رہے ہیں۔سید علی گیلانی نے کہا کہ ڈاکٹر نائیک کے دلائل سے متاثر اور قائل ہوکر اب تک لاکھوں افراد مشرب بہ اسلام ہوئے اور یہ بات بھارت کے انتہا پسند رہنماؤں کو راس نہیں آئی لہذا انہوں نے انکے ادارے پر پابندی عائد کر دی۔سید علی گیلانی نے کہا کہ بھارتی قیادت اقلیتوں خاص طور پر مسلمانوں کو برداشت کرنے کے لیے تیار نہیں ۔ سید علی گیلانی نے کہا کہ ڈاکٹر ذاکر نائیک کو اپنے والد کے انتقال پر ان کی تدفین میں بھی شامل ہونے کی اجازت نہیں دی گئی جو انتہائی افسوسناک ہے۔حریت چیئرمین نے بھارتی مسلمانوں پر زور دیا کہ وہ فرقہ پرست ہندو قیادت کے مذموم اقدامات اور منصوبوں کا مقابلہ کرنے کے لیے اپنی صفوں میں اتحاد و اتفاق کو مضبوط بنائیں۔