خبرنامہ کشمیر

سیدعلی گیلانی کا شوپیاں کے شہید نوجوانوں کو خراج عقیدت

سیدعلی گیلانی کا شوپیاں کے شہید نوجوانوں کو خراج عقیدت

سرینگر(ملت آن لائن) مقبوضہ کشمیرمیں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سیدعلی گیلانی نے مسئلہ کشمیر کو ہمیشہ کشمیری عوام کی خواہشات اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے زوردیتے ہوئے افسوس ظاہر کیا ہے کہ بھارت مسلسل اپنی ہٹ دھرمی جاری رکھتے ہوئے جموں وکشمیر کو اپنا مسلسل اٹوٹ انگ قراردے رہا ہے ۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق سید علی گیلانی نے شہدائے شوپیان کے جنازے کے شرکاء سے ٹیلی فونک خطاب کرتے ہوئے شہید نوجوانوں کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ شوپیاں میں ایک جعلی مقابلے کے دوران چھ نوجوانوں کاقتل قطعاً ناقابل قبول ہے ۔ انہوں نے شہید نوجوانوں کے اہلخانہ سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے انہیں صبر و استقامت کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑنے کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ علاقے میں جاری خونریزی بھارت کے جبری تسلط کا نتیجہ ہے اور نہتے کشمیری عوام بھارت کے غیر قانونی تسلط سے آزادی کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کررہے ہیں ۔ سیدعلی گیلانی نے جدوجہد آزادی کشمیر کو اسکے منطقی انجام تک جاری رکھنے اور ا س سلسلے میں کسی بھی قربانی سے دریغ نہ کرنے کے کشمیریوں کے عزم کا اعادہ کیا ۔ انہوں نے واضح کیاکہ ہم کسی بھی صورت میں خون خرابے کے قائل نہیں اور نہ ہی جنگ سے مسائل حل ہوں گے ،البتہ بھارت نے اپنے فوجیوں کو نہتے کشمیریوں کے قتل عام کی کھلی چھوٹ دے رکھی ہے ۔ انہیں اپنے خطاب میں لوگوں کو تلقین کی کہ وہ ہرحال میں موجودہ صورتحال سے نجات حاصل کرنے کیلئے انتخابی ڈھونگ کا مکمل اور صدق دل سے بائیکاٹ کریں۔انہوں نے عوام سے کہاکہ ہمیں بھارت کی ان کٹھ پتلیوں سے دوری اختیار کرنی چاہیے جو ووٹ اور سپورٹ کا سہارا لے کر ہمارے ہی خلاف بندوقوں کے دہانے کھول رہے ہیں ۔حریت چیئرمین نے واضح کیا کہ ہماری نہ توبھارتی عوام سے کوئی دشمنی ہے اور نہ ہم بھارت سے اس کا کوئی جائز حصہ چھیننے کی کوشش کررہے ہیں بلکہ ہم گزشتہ 71برس سے تمام مسائل اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں جس کیلئے خود بھارت نے عالمی ادارے سے رجوع کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہم مسئلہ کشمیر کا مذاکرات کے ذریعے پر امن حل چاہتے ہیں تاہم اس سے قبل بھارت کو جموں وکشمیر کی متنازعہ حیثیت تسلیم کرنا ہو گی ۔سید علی گیلانی نے کہا کہ آج تک سو سے زیادہ بار ہونے والے مذاکرات کے تمام دور بھارت کی ہٹ دھرمی پر مبنی رویہ کی وجہ سے ناکام ہو چکے ہیں ۔ انھوں نے مسئلہ کشمیر کو بھارت پاکستان کے درمیان کشیدگی کی بنیادی وجہ قراردیتے ہوئے کہاکہ جب تک بھارتی حکمران کشمیر کے اٹوٹ انگ ہونے کی رٹ نہیں چھوڑتے مسئلہ کشمیر کا دیر پا حل اور خطے میں پائیدار امن و سلامتی قائم نہیں ہوسکتی ۔ انہوں نے کہاکہ بھارت اپنی لاکھوں کی تعداد میں فوجیوں کی تعیناتی کے باوجود کشمیریوں کی حق پر مبنی جدوجہد آزادی کو کمزور نہیں کرسکا اور اسے جلد یا بدیراقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عمل درآمد کرتے ہوئے کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت دینا ہو گا۔انھوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر توڑے گئے وعدوں کا مسئلہ ہے۔ اگر بھارت کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت دینے کا اپنا وعدہ پورا کر دے تو مسئلہ کشمیر خود بخود ختم ہو جائیگا ۔