خبرنامہ کشمیر

سید صلاح الدین کے بیٹے شاہدیوسف ملازمت سے معطل

سید صلاح الدین کے بیٹے شاہدیوسف ملازمت سے معطل

سرینگر: (ملت آن لائن) مقبوضہ کشمیر میں قابض انتظامیہ نے ممتاز آزادی پسند رہنما سید صلاح الدین کے بیٹے سید شاہد یوسف کو بطور اگریکلچر اسسٹنٹ ملازمت سے معطل کردیا ہے۔ شاہد یوسف کو بھارتی تحقیقاتی ادارے ’این آئی اے‘ نے چھ برس پرانے ایک جھوٹے مقدمات میں گرفتار کر رکھا ہے۔کشمیر میڈیاسروس کے مطابق مقبوضہ علاقے کے محکمہ اگریکلچر کے ڈائریکٹر نے شاہد یوسف کی معطلی کے باضابطہ طور پر احکامات صادر کیے ہیں۔وہ ضلع بڈگام میں اگریکلچر اسسٹنٹ کے طور پرتعینات تھے۔دریں اثناضلع بڈگام کے رہائشیوں اورسول سوسائٹی کے ارکان نے شاہد یوسف کو 27نومبر تک عدالتی ریمانڈ پر دینے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انکی فوری رہائی کا مطالبہ کیا ہے ۔ سول سوسائٹی کے ارکان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ انہوں نے28اکتوبر کو کٹھ پتلی وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی سے ملاقات میں ان سے کہا کہ سید صلاح الدین کا خانوادہ بڈگام میں دینی ، تعلیمی اور معاشرتی سرگرمیو ں کے حوالے سے دہائیوں سے مشہور ہے اور ان کے اہلخانہ کسی قسم کی غیر قانونی سرگرمیوں میں بالکل ملوث نہیں ہیں۔ 22رکنی وفد نے کٹھ پتلی وزیر اعلیٰ کو بتایا کہ سید شاہد یوسف انتہائی شریف انسان ہیں اور این آئی اے کی طرف سے ان پر لگائے جانے والے الزامات کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں۔ بیان میں کہا گیا کہ محبوبہ مفتی نے وفد کی بات سن کر یقین دلایا تھا کہ وہ شاہد یوسف کی ضمانت پر رہائی کے لیے ذاتی طو ر پر کوشش کرے گی۔ بیان میں افسوس ظاہر کیا گیاکہ کٹھ پتلی وزیر اعلی ٰ کی یقین دہانی کے باوجود شاہد یوسف کو 27نومبر تک عدالتی ریمانڈ میں دیدیا گیا۔