خبرنامہ کشمیر

سید علی گیلانی و دیگر حریت رہنماؤں کا مقبول بٹ، افضل گورو کو خراج عقیدت

سرینگر (ملت + اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی اور دیگر آزادی پسند رہنماؤں اور تنظیموں نے شہید محمد مقبول بٹ اور شہید محمد افضل گورو کو انکی شہادیت کی برسیوں پر شاندار خراج عقیدت پیش کیا ہے ۔ بھارت نے محمد مقبول بٹ کو11فروری 1984کو اور محمد افضل گورو کو9فروری 2013کو نئی دلی کی تہاڑ جیل میں پھانسی دیکر دونوں شہدا کی میتوں کو جیل کے احاطے میں ہی دفن کر دیا تھا۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق سید علی گیلانی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں میں نئی دلی کی تہاڑ جیل میں دفن دونوں شہداء کے جسد خاکی کو ان کے اہل خانہ کے حوالے کرنے کا اپنا مطالبہ دہرا تے ہوئے کہا کہ یہ خالصتاً ایک انسانی مسئلہ ہے، البتہ بھارت تمام تر اخلاقی اور آئینی اصولوں کو پامال کرتے ہوئے اس کو پورا نہیں کررہا ہے ۔ سید علی گیلانی نے کہا کہ شہید محمد مقبول بٹ اور شہید افضل گورو کشمیری قوم کے ہیرو ہیں جنہوں نے ایک عظیم مقصد کی راہ میں اپنی جانہیں لٹا دیں۔ انہوں نے کہا کہ شہید محمد مقبول بٹ کو جموں کشمیر کی تحریکِ آزادی میں ایک خاص مقام حاصل ہے اور انہیں یقینی طور پرسرفروشی کے راستے کا پہلا سپاہی قرار دیا جاسکتا ہے جبکہ شہید محمد افضل گورونے تختہ دار پر چڑھنے سے پہلے جو آخری خط رقم کیا اس سے صاف ظاہرہوتا ہے کہ وہ ایک نظریاتی انسان تھے اور ان کے جذبے کے پیچھے عقل وشعور کارفرما تھے۔حریت چیئرمین نے کہا کہ شہید مقبول بٹ اور شہید محمد افضل گورو کو خراج عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ کشمیر ی ان کے مشن کی تکمیل تک جدوجہد ہر قیمت پر جاری رکھیں۔جموں کشمیر محاذآزادی نے تنظیم کے صدر محمد اقبال میر کی صدرات میں سرینگر میں منعقدہ اجلاس میں دونوں شہداء کو شاندار خراج عقدیت پیش کیا ۔ اجلاس میں انسانی حقوق کے عالمی اداروں سے اپیل کی گئی کہ وہ ان عظیم شہداء کے اجساد خاکی کوکشمیریوں کے حوالے کرنے کیلئے بھارت پر دباؤ ڈالیں ۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما اور انجمن شرعی شیعیان کے سربراہ آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں محمد مقبول بٹ اور محمد افضل گورو کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ محمد مقبول بٹ نے کشمیریوں کو اس وقت خواب غفلت سے جگایا جب اندرا عبداللہ ایکارڈ کے بعد کشمیر میں ایک سکوت سا چھایا ہواتھا جبکہ محمد افضل گوروکے خون ناحق نے بھی رواں جدوجہد میں بھی ایک نئی روح پھونک دی۔حریت رہنماؤ ں بلال صدیقی ، محمد یاسین عطائی،غلام احمد گلزار،یاسمین راجہ، فاروق احمد توحیدی،زمرودہ حبیب اور عبدالعزیز ڈار نے محمد مقبول بٹ اور محمد افضل گورو کو ان کی شہادت کی برسیوں پر انہیں خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری اپنے ان عظیم شہداء کے مشن کو ہر صورت اس کے منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادری بھارت پر دباؤ ڈالے کہ وہ دونوں شہداء کے جسد خاکی کو کشمیریوں کے حوالے کرے۔