خبرنامہ کشمیر

سید علی گیلانی کا دکھ کا اظہار

سرینگر (ملت + اے پی پی)مقبوضہ کشمیرمیں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے ڈلگیٹ سرینگر اور سوپور شاہ آباد میں آتشزدگی کے ہولناک واقعات پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کشمیری عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ متاثرہ خاندانوں کی ہرممکن فوری مدد کیلئے اقدامات کریں۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق حریت چیئرمین نے سرینگر میں جاری ایک پیغام میں کہا کہ ناگہانی اور قدرتی آفات کے دوران انسان اگرچہ بے بس ہوتا ہے، لیکن کٹھ پتلی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کی سُستی اور کاہلی بھی بعض مواقع پر جانی و مالی نقصان کا سبب بن جاتی ہے اور ان کے فعال نہ ہونے سے بھی لوگوں کوشدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔انہوں نے کہا کہ متاثرہ خاندانوں کو فوری امداد بہم پہنچانا اور ان کی آبادکاری کے منصوبے کو عملی جامہ پہنانا اگرچہ کٹھ پتلی انتظامیہ کی ذمہ داری ہے، البتہ اسطرح کے سرکاری کام اکثر اوقات ناقابل برداشت حد تک طوالت کا شکار ہوجاتے ہیں۔ سید علی گیلانی نے کشمیری عوام سے اپیل کی کہ یہ انکی ملی اور اخلاقی ذمہ داری ہے کہ وہ متاثرین کی مدد اور انہیں گرم کپڑوں کی فراہمی کیلئے آگے آئیں اور مصیبت کے اس گھڑی میں انہیں بے یارومددگار نہ چھوڑیں۔