خبرنامہ کشمیر

سید علی گیلانی کا غیر قانونی طور پر نظر بند کشمیریوں کی حالت زار پراظہار تشویش

سید علی گیلانی کا غیر قانونی

سید علی گیلانی کا غیر قانونی طور پر نظر بند کشمیریوں کی حالت زار پراظہار تشویش

سرینگر(ملت آن لائن)کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے جیلوں میں غیر قانونی طورپر نظر بند کشمیریوں کی حالت زار پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انسانی حقوق کے عالمی اداروں سے اپیل کی ہے کہ وہ نظر بندوں کودرپیش مشکلات کاجائزہ لینے کیلئے جیلوں کا دورہ کریں۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق سید علی گیلانی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ مقبوضہ علاقے اور بھارتی جیلوں میں نظر بند کشمیریوں کوجسمانی اور ذہنی تشدد کانشانہ بنایا جا رہا ہے اور انہیں اپنے اہلخانہ کے ساتھ ملاقات کی اجازت نہیں دی جاتی۔ سید علی گیلانی نے کہا کہ جموں خطے کی ادھمپور جیل میں نظر بند کشمیریوں کے اہلخانہ نے انہیں اپنے پیاروں کو درپیش مشکلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ مذکورہ جیل کی خاتون سپر انٹنڈنٹ نے جیل کو جہنم میں تبدیل کر رکھا ہے۔ حریت چیئرمین نے کہا کہ اہلخانہ کے مطابق نظر بندوں کو قید تنہائی میں رکھا جا رہا ہے، انہیں ناپاک برتنوں میں پانی اور غذائی اشیا فراہم کی جاتی ہیں جبکہ جیل مینول کے برعکس انہیں آدھی خوراک دی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نظر بندوں کو جیل کے اندر تقافتی پروگراموں کے نام پر ناچ گانے کی محفلوں میں شرکت کے لئے دباؤ ڈالا جاتا ہے اورعین نماز ادا کرنے کے اوقات میں غیر مسلم قیدیوں کو شور شرابہ کرنے کی کھلی چھوٹ دی جاتی ہے جبکہ علیل نظر بندوں کو علاج ومعالجے کے لئے مہینوں تڑپایا جاتا ہے۔ حریت چیئرمین نے کہا کہ ایک اور اطلاع کے مطابق ضلع بانڈی پورہ کے حاجن تھانے میں نظر بند نوجوانوں مدثر احمد وانی ، عرفان احمد وانی اور عبدالطیف وانی کو جسمانی تشدد کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ سید علی گیلانی نے ڈاکٹر شفیع شریعتی، ڈاکٹر محمد قاسم فکتو، غلام قادر بٹ، مسرت عالم بٹ، شبیر احمد شاہ، ڈاکٹر غلام محمد بٹ، مظفر احمد ڈار، الطاف احمد شاہ، ایاز اکبر، پیر سیف اللہ، راجہ معراج الدین کلوال، نعیم احمد خان، فاروق احمد ڈار، شاہد الاسلام، ظہور احمد وٹالی، کامران یوسف، جاوید احمد، غلام محمد خان سوپوری، محمد یوسف میر، محمد رمضان خان، امیرِ حمزہ، محمد یوسف فلاحی، میر حفیظ اللہ، شکیل احمد یتو، عبدالغنی بٹ، رئیس احمد میر، سلمان یوسف، عبدالاحد پرہ، محمد رفیق گنائی، فاروق احمدتوحیدی، عبدالصمد انقلابی اور دیگر نظر بندوں کے عزمِ ہمت کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ نظر بندوں کا صبروتحمل پوری قوم کے لئے باعث افتخار ہے۔ حریت چیئرمین نے حقوق انسانی کی عالمی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل کی طرف سے کشمیر میں پیلٹ بندوق کے استعمال پر پابندی کے حوالے سے مہم کو قابل تحسین اقدام قرار دیتے ہوئے تنظیم پر زور دیا کہ وہ کشمیری نظر بندوں کے ساتھ روا رکھنے جانے والے غیر انسانی سلوک کا بھی نوٹس لے۔