خبرنامہ کشمیر

سینئر حریت رہنماء مسرت عالم دوبارہ جموں منتقل

سینئر حریت رہنماء مسرت عالم دوبارہ جموں منتقل

سرینگر: (ملت آن لائن)مقبوضہ کشمیرمیں مسلم لیگ جموں وکشمیر نے رہائی کے عدالتی احکامات کے باوجود سینئر حریت رہنماء اور پارٹی کے غیر قانونی طورپر نظربند چیئرمین مسرت عالم بٹ کی مسلسل غیر قانونی نظربندی کی شدید مذمت کی ہے ۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق مسلم لیگ کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاکہ عدالت کی طرف سے مسرت عالم بٹ پر عائد 35ویں کالے قانون پبلک سیفٹی ایکٹ کالعدم قراردیتے ہوئے ان کی رہائی کے احکامات جاری کئے تھے تاہم ان کی نظربندی کو طول دے کر انہیں سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جارہاہے۔ انہوں نے کہاکہ مسرت عالم بٹ کو سرینگر کی عدالت میں پیش کرنے کیلئے جموں کی کوٹ بھلوال جیل سے سرینگر لایا گیا تھا ۔مقدمے کی سماعت کے بعد انہیں ایک بار پھر جموں کی جیل منتقل کردیاگیا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ مسرت عالم بٹ کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنانے کیلئے ان پر 35مرتبہ کالا قانون پبلک سیفٹی ایکٹ لاگو کر کے انہیں نظربند کیاگیا تاہم عدالتوں نے ہر باران کی کالے قوانین کے تحت نظربندی کالعدم قراردیتے ہوئے ان کی رہائی کے احکامات جاری کئے۔ ترجمان نے کہاکہ مسرت عالم بٹ کو ان کے خلاف درج آخری جھوٹے مقدمے کی سماعت کیلئے فارسٹ کورٹ سرینگر میں پیش کیا گیا تھا اور یہ امید قائم ہوئی تھی کہ حریت رہنماء کو اس جھوٹے مقدمے میں بھی باعزت بری کردیا جائیگا تاہم اس سے پہلے ہی انہیں جموں منتقل کردیاگیا تاکہ ان کی رہائی کے تمام راستوں کو مسدود کیا جاسکے۔ انہوں نے کہاکہ انتظامیہ کے اس اقدام سے واضح ہوتا ہے کہ انتظامیہ مسرت عالم بٹ کو کسی بھی صورت میں رہا نہیں کرنا چاہتی ہے ۔