خبرنامہ کشمیر

شبیراحمد شاہ کوعدالت میں پیش نہ کرنے پر اظہار تشویش

شبیراحمد شاہ کوعدالت میں پیش نہ کرنے پر اظہار تشویش

سرینگر(ملت آن لائن)جموں و کشمیر ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی نے سینئر حریت رہنماء اور پارٹی چیئرمین شبیر احمد شاہ کی غیر قانونی نظربندی کو طول دینے کیلئے انہیں عدالتوں میں پیش نہ کرنے پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے ۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہاگیا ہے کہ شبیر احمد شاہ کوانکے خلاف درج جھوٹے اور بے بنیاد مقدمے کی سماعت کے سلسلے میں گزشتہ روز پٹیالہ ہاؤ س کورٹ دلی میں پیش کیاجانا تھا تاہم بھارتی تحقیقاتی ادارے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کے حکام نے عدالت میں خفت سے بچنے کیلئے شبیر شاہ کو پیش نہیں کیا کیونکہ اس کے پاس حریت رہنماء کے خلاف کوئی ٹھوس ثبوت نہیں ہے ۔ بیان میں کہاگیا کہ ڈائریکٹوریٹ شبیر شاہ کی غیر قانونی نظربندی کو طول دینے کیلئے مختلف ہتھکنڈے استعمال کر رہا ہے ۔ عدالت کو ڈائریکٹوریٹ نے بتایاکہ حریت رہنماء کو ویڈیو کانفرسنگ کے ذریعے عدالت میں پیش کیا جائے گا تاہم آخر میں کیمرے کی خرابی کا بہانہ بنا کرنہ انصاف کی دھجیاں اڑائی گئیں بلکہ عدلیہ کا مذاق بھی اڑایاگیا۔ بیان کے مطابق شبیر شاہ کو ایک ماہ بعد عدالت میں پیش کیاجانا تھا اور انکے خلاف بے بنیاد اور من گھڑت چارج شیٹ کے ثابت ہونے تک انہیں ضمانت پر رہاکیاجاناچاہیے تھا تاہم انہیں مقررہ تاریخوں پر عدالت میں پیش نہ کر کے انکی غیر قانونی نظربندی کو طول دیا جارہا ہے ۔ ڈیموکریٹک نے ان تمام ہتھکنڈوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاکہ ان حربوں سے حریت رہنماء کے جذبہ حریت کوکمزور نہیں کیاجاسکتا ۔ادھرڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کے ترجمان نے ایک بیان میں عالمی فورموں پر کشمیریوں کے ساتھ کئے وعدے پورے نہ کرنے پر بھارتی قیادت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے ۔ انہوں نے بھارت کو اقوام متحدہ کی طرف سے 5جنوری1949ء کو منظور کی گئی تاریخی قرار دادیاد دلائی جس پر اس نے بھی دستخط کئے تھے ۔انہوں نے کہاکہ بھارت نہ صرف عالمی ادارے کی منظور کردہ قرار دادوں کو بھلانے کی راہ پر گامزن ہے بلکہ خود اپنے پہلے وزیر اعظم پنڈت جواہر لعل نہرو کے ملکی اور بین الاقوامی سطح پر کشمیریوں کو انکا حق خودارادیت دینے کے وعدوں سے بھی مکر رہا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ کشمیری عوام اپنے حق خودارادیت کے حصول تک اپنی پر امن جدوجہد آزادی جاری رکھیں گے اور انہیں یقین ہے کہ جلد یا بدیر وہ بھارتی تسلط سے آزادی حاصل کر لیں گے ۔