خبرنامہ کشمیر

شبیر احمد شاہ طبی سہولت سے محروم

شبیر احمد شاہ طبی سہولت سے محروم

سرینگر: (ملت آن لائن) مقبوضہ کشمیرمیں ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی نے کہا ہے کہ شبیر احمد شاہ کوطبی سہولت سے محروم رکھ کر ان کی زندگی کے ساتھ کھلواڑ کیا جارہا ہے۔کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق فریڈم پارٹی کے ترجمان نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں اپنے نظربند چےئرمین شبیر احمد شاہ کی علالت پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں اوردیگر نظربندکشمیری حریت پسندوں کومناسب طبی سہولیات میسر نہ ہونے کی وجہ سے شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔ شبیر احمد شاہ کو منگل کے روز طبی جانچ کے لئے قریبی ہسپتال لے جایا گیا لیکن طبی عملے کے رویے سے ان خدشات کو تقویت ملی ہے کہ بھارتی حکام ان کی زندگی کے ساتھ کھلواڑ کررہے ہیں ۔ ترجمان نے کہا کہ شبیر احمد شاہ شوگر ،بلڈ پریشر اور گھٹنوں کے درد میں مبتلا ہیں لیکن مناسب علاج نہ ملنے کی وجہ سے ان کی حالت روز بروز بگڑ تی جارہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ کشمیری نظربندوں کے ساتھ جیل حکام کا رویہ انتقام پر مبنی ہے۔انھوں نے ایمنسٹی انٹر نیشنل ،ریڈ کراس اور انسانی حقوق کی دیگر عالمی تنظیموں کی توجہ شبیر احمد شاہ اور دیگر نظربندوں کی بگڑتی ہوئی صحت کی طرف مبذول کراتے ہوئے کہا کہ عالمی چارٹر کی رو سے ان کی حیثیت جنگی قیدیوں کی ہے ۔ ترجمان نے مسلم لیگ کے سربراہ مسرت عالم بٹ پر ایک بار پھر کالا قانون پبلک سیفٹی ایکٹ عائدکرنے ، حریت رہنماؤں غلام محمد خان سوپوری ، آسیہ اندرابی اور جماعت اسلامی کے شیخ محمدرمضان کو مسلسل نظربند رکھنے کی شدید مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ قابض حکام اپنی ہی عدالتوں کے فیصلے تسلیم نہ کرکے اپنے اداروں کی مٹی پلید کررہے ہیں ۔