خبرنامہ کشمیر

شبیر شاہ اور نیشنل فرنٹ کا نعیم خان کی بگڑتی ہوئی صحت پراظہار تشویش

شبیر شاہ اور نیشنل فرنٹ کا نعیم خان کی بگڑتی ہوئی صحت پراظہار تشویش
سرینگر: (ملت آن لائن) مقبوضہ کشمیر میں ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی نے تہاڑ جیل میں نظربند پارٹی چےئرمین شبیر احمد شاہ کی بگڑتی ہوئی صحت اور ان کے ساتھ روا رکھے جانے والے انسانیت سوز سلوک پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق سرینگر میں پارٹی کے جنرل سیکرٹری مولانا محمد عبداللہ طاری کی صدارت میں منعقدہ اجلاس کے بعد جاری کئے گئے بیان میں کہا گیا کہ شبیر احمد شاہ کی صحت گھر میں مسلسل نظربندی کی وجہ سے پہلے ہی بہت خراب ہوچکی تھی اور باضابطہ گرفتاری کے بعد تہاڑ جیل میں ان کی صحت تشویشناک حد تک بگڑگئی ہے۔ بیا ن میں کہاگیا کہ ڈاکٹروں نے شبیر احمد شاہ کوپیس میکر لگانے کا مشورہ دیا ہے لیکن جیل حکام اس پر کوئی توجہ نہیں دے رہے ہیں جس سے ان کی زندگی کو سنگین خطرہ لاحق ہوگیا ہے۔ بیان میں کہاگیا کہ بھارتی حکام محض خانہ پوری کرکے تحریک آزادی کی اس مؤثر آواز کو ہمیشہ کیلئے خاموش کرانے کی کوشش کررہے ہیں۔ بیان میں بھارتی حکومت کو خبردار کیا گیا کہ اگر شبیر احمد شاہ کو مناسب علاج و معالجے کی سہولت فراہم نہ کی گئی تو ہم سڑکوں پر نکلنے کیلئے مجبور ہوجائیں گے۔ اجلاس میں انسانی حقوق کے عالمی اداروں سے اپیل کی گئی کہ وہ شبیر احمد شاہ کی حفاظت کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔ دریں اثناء جموں وکشمیر نیشنل فرنٹ نے تہاڑ جیل میں نظربند پارٹی چیئر مین نعیم احمد خان کی بگڑتی ہوئی صحت پرتشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت نعیم احمد خان سمیت آزادی پسند رہنماؤں کا عزم توڑنے کی سر توڑ کوشش کررہا ہے۔ نیشنل فرنٹ کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا کہ نعیم خان اور دیگر سیاسی رہنماؤں کو نظربند رکھنا سیاسی انتقام اورغیر جمہوی اقدام ہے۔ انہو ں نے کہاکہ تفتیش کا عمل ختم ہونے کے باوجود نعیم خان و دیگر رہنماؤں کو جیل میں رکھنا ناقابل فہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ نعیم خان کو طبی سہولیات سے محروم رکھا جارہا ہے اور اْنہیں اپنے اہلخانہ کی طرف سے بھیجی گئی ادویات استعمال کرنے کی بھی اجازت نہیں دی جارہی ہے جس کی وجہ سے ان کی صحت انتہائی حد تک خراب ہوچکی ہے اور وہ کئی امراض میں مبتلا ہوچکے ہیں۔ ترجمان نے ضلع بانڈی پورہ کے علاقے حاجن اور سرینگر کے علاقے ذکورہ میں شہد ہونے والے نوجوانوں کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا۔