خبرنامہ کشمیر

شبیر شاہ کی طرف سے شہدائے سوپور کو زبرست خراج عقیدت

سرینگر: (ملت+اے پی پی) مقبوضہ کشمیرمیں کل جماعتی حریت کانفرنس کے جنرل سیکریٹری شبیر احمد شاہ نے شہدائے سوپور کو24ویں برسی کے موقع پر زبردست خراج عقیدت پیش کیا ہے ۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق شبیر احمد شاہ نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاکہ 6جنوری 1993 کوسوپور میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں شہید ہونیوالے کشمیریوں کی یاد ہمارے دل سے کبھی بھی محو نہیں ہوگی اور انہیں ہمیشہ یاد رکھا جائیگا ۔انہوں نے کہا کہ 6جنوری 1993 میں بھارتی فوجیوں نے سوپور قصبے میں اندھا دھند فائرنگ کرکے 55بے گناہ کشمیریوں کو شہید کردیا تھا ۔انھوں نے کہا کہ بھارتی فوجیوں نے کشمیریوں کے جذبہ حریت پر انہیں انتقامی کارروائی کا نشانہ بنانے کیلئے اربوں روپے کی املاک کو خاکستر اورانسانی جانوں سے خون کی ہولی کھیلی تھی۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ اس سانحہ کو 24برس گزرنے کے باوجود قاتل فوجی کھلے عام گھوم رہے ہیں اور انکے خلاف آج تک کوئی کارروائی نہیں کی گئی ۔ انہوں نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر کے کٹھ پتلی حکمرانوں نے خود کو قاتل فورسز اہلکاروں کے تحفظ اور بچاؤ کیلئے وقف کررکھا ہے ۔ شبیر احمد شاہ نے کشمیری عوام کو بھارت نوازسیاست دانوں سے دوری اختیار کرکے شہداء کے مشن کواسکے منطقی انجام تک جاری رکھنے کی تلقین کی ۔انہوں نے شہداء سوپورکے خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی فوجیوں نے طاقت کے نشے میں چوراور فسطائی سوچ کا مظاہرہ کرتے ہوئے گاؤکدل ،ہندواڑہ،کپواڑہ،کنہ کدل،حول ، شوپیان، مشعلی محلہ،بیجبہاڑہ،حضرت بل ،مرکنڈل اور دیگر سینکڑوں مقامات پر بھی ہزاروں کشمیریوں کا قتل عام کرکے یہ ثبوت پیش کیا ہے کہ وہ کسی قائدے قانون کے پابند نہیں اور ان کیلئے انسانی جانوں کا زیاں کوئی مسئلہ نہیں ۔حریت رہنماء نے عالمی اداروں باالخصوص اقوام متحدہ کے ذمہ داروں سے اپیل کی کہ وہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں میں ملوث اہلکاروں کے خلاف بین الاقوامی عدالت میں مقدمہ دچلائیں اور بھارتی حکمرانوں کو کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے پابند بنائیں۔انہوں نے جدوجہد آزادی کو اسکے منطقی انجام تک جاری رکھنے کے کشمیریوں کے عزم کا اعادہ کیا ۔ ادھر حریت رہنماؤں ظفر اکبربٹ اور جاوید احمد میر نے سرینگر میں ایک اجلاس سے خطاب اور مصدق عادل نے ایک بیان میں شہدائے سوپور کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا ۔