خبرنامہ کشمیر

شوپیاں میں نہتے شہریوں پر بھارتی فورسز کی طرف سے طاقت کے وحشیانہ استعمال کی شدید مذمت

سرینگر (ملت + اے پی پی) مقبوضہ کشمیرمیں میر واعظ عمر فاروق کی سربراہی میں قائم حریت فورم نے ضلع شوپیاں کے علاقے پنجورہ میں بھارتی فورسز کے ہاتھوں نہتے شہریوں پر لاٹھی چارج اور آنسوگیس سمیت طاقت کے وحشیانہ استعمال کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ نہتے کشمیری عوام کیخلاف ظلم و تشدد سے عبارت کارروائیاں ہر لحاظ سے غیر جمہوری اور غیر اخلاقی ہیں۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق حریت فورم کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاکہ پورے علاقے کو محاصرے میں لیکر بھارتی فورسز کی طر ف سے نہتے عوام کے خلاف پر تشدد کارروائیوں سے علاقے میں شدیدخوف و ہراس پھیل گیا ہے اور لوگ نقل مکانی پر مجبور ہوگئے ہیں۔انہوں نے بھارتی فورسز کی اس جارحانہ کارروائی کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے بھارتی ریاستی دہشت گردی کی بدترین مثال قراردیا ۔ انہوں نے محکمہ صحت سے وابستہ ملازمین پر بھی بھارتی پولیس کی طرف سے لاٹھی چارج اور پْر تشدد کارروائیوں کی مذمت کی ۔انہوں نے کہاکہ اپنے جائز مطالبات کے حق میں احتجاج کرنیوالے ملازمین پر ظلم و تشدد سراسر غیر جمہوری عمل ہے اور اس سے بھارت اوراسکی کٹھ پتلی انتظامیہ کے جمہوریت کے دعوے سراب ثابت ہوگئے ہیں۔