خبرنامہ کشمیر

شہداء جموں کو یاسین ملک کا خراج عقیدت

شہداء جموں کو یاسین ملک کا خراج عقیدت
سرینگر : (ملت آن لائن) مقبوضہ کشمیر میں جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ کے چےئرمین محمد یاسین ملک نے شہداء جموں کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ نومبر1947ء میں جموں میں لاکھوں مسلمانوں کا قتل عام تاریخ عالم کا ایک ایسا سیاہ باب ہے جس کی نظیر نہیں ملتی ۔کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق محمد یاسین ملک نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاکہ خواتین اور بچوں سمیت جموں کے مسلمانوں کی ایک بڑی تعداد کو قتل کرکے نہ صرف جموں خطے میں آبادی کا تناسب تبدیل کردیا گیا بلکہ خواتین اور بچوں کی تذلیل کا اُس سے بڑا سانحہ جنوبی ایشیا کی تاریخ میں نہیں ملتا۔یاسین ملک نے کہا کہ ایک طرف جموں میں فرقہ پرست مسلمانوں کا قتل عام کررہے تھے اور دوسری طرف کشمیری مسلمان سخت ترین حالات میں بھی اقلیتوں کی حفاظت کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ شہداء جموں کشمیری قوم کے ماتھے کے جھومر ہیں اور ان کی قربانیاں کسی صورت میں فراموش نہیں کی جائیں گی۔ یاسین ملک نے کہا کہ 1947ء میں جموں کے مسلمانوں کا قتل عام عالمی برادری کیلئے چشم کشا ہے اور اس قتل عام پر عالمی برادری کی مجرمانہ خاموشی اس کے دوہرے معیار کا واضح ثبوت ہے۔انہوں نے کہا کہ جس سوچ اور جن فسطائی طاقتوں نے جموں کے مسلمانوں کا قتل عام کروایا تھا آج کٹھ پتلی حکمران اسی سوچ اور ان ہی لوگوں کی تعریفیں کرنے میں لگے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پی ڈی پی کی کٹھ پتلی حکومت پیر پنجال اور وادی چناب میں آر ایس ایس کی بڑھتی ہوئی سرگرمیوں کے لیے سہولت کا بنی ہوئی ہے۔