خبرنامہ کشمیر

شہیدمظفر احمد کی نماز جنازہ میں ہزاروں افراد کی شرکت

سرینگر : (ملت+اے پی پی)مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں شہید ہونے والے نوجوان مظفر احمد نائیکو کی نماز جنازہ میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق بھارتی فوجیوں نے مظفر احمد کو جمعہ کو ضلع بڈگام کے علاقے ماچھواہ میں گلزار پورہ کے مقام پر محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے دوران شہید کیاتھا۔ عینی شاہدین کے مطابق لوگوں نے شدید بارش اوربرف بھاری کے باوجود شہید کے آبائی علاقے بٹہ پورہ سوپور میں انکی نماز جنازہ میں شرکت کی جبکہ نماز کے بعد ایک زبردست بھارت مخالف مظاہرہ کیا گیا۔علاقے میں تعینات بھارتی فورسز کے اہلکاروں نے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے آنسو گیس کے گولوں کی شدید شیلنگ کی۔ دریں اثنا حریت رہنما اور جموں و کشمیر سالویشن موومنٹ کے چیئرمین ظفر اکبر بٹ نے گلزار پورہ میں، جہاں مظفر احمد کو شہید کیا گیا، انکی غائبانہ نماز جنازہ پڑھائی۔انہوں نے اس موقع پر اپنے خطاب میں مظفر احمد اور دیگر شہدائے کشمیرکو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہداء کی قربانیوں کو کسی صورت رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا۔ انہوں نے شہدائے سوپور کو بھی انکی شہادت کی برسی پر شاندار خراج عقیدت پیش کیا۔ ظفراکبر بٹ کے ساتھ معراج الدین راتھر، راجہ حیدر، سمیر احمد ، عبدالماجدبھی تھے ۔ لوگوں نے اس موقع پر بھارت کے خلاف اور آزادی کے حق میں زبردست نعرے لگائے۔ فاروق احمد، جاوید احمد ، مشتاق احمد، غلام حسن پر مشتمل سالویشن موومنٹ کا ایک وفد شہید کے اہلخانہ کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے سوپور بھی گیا ۔ وفد مزار شہداء سوپور بھی گیا اور شہدائے 6جنوری کی قبروں پر فاتحہ خوانی کی۔حریت رہنماؤں فاروق احمد توحیدی، شبیر احمد ڈار، محمد اقبال میر، محمد احسن اونتو، امتیاز احمد ریشی اور غلام نبی وار نے بھی اپنے بیانات میں شہید مظفراحمد نائیکو کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری شہداء کی قربانیوں کو ہرگز رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا۔ انہوں نے 6جنوری 1993کے شہدائے سوپور کو بھی انکی شہادت کی برسی پر شاندار خراج عقیدت پیش کیا۔