خبرنامہ کشمیر

شہید نوجوانوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے تحریک حریت کے وفد کا شوپیان کا دورہ

شہید نوجوانوں

شہید نوجوانوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے تحریک حریت کے وفد کا شوپیان کا دورہ

سرینگر(ملت آن لائن) مقبوضہ کشمیرمیں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی کی ہدایت پرتحریک حریت کے ایک وفد نے جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیاں میں بھارتی فورسز کے ہاتھوں شہید اور زخمی ہونیولے کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے گنوپورہ، اڈواوردیگر علاقوں کادورہ کیا۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق محمد رفیق اویسی کی قیادت میں وفد نے بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں شہید ہونیوالے کشمیریوں شاکر احمد میر، سہیل احمد اور جاوید احمد کے علاوہ زخمیوں رئیس احمد، سمیہ ، صبرینہ اور دیگر کے گھر جا کر لواحقین کے ساتھ اظہارِ ہمدردی کیاجبکہ شہداء کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا۔ عوامی ملاقاتوں کے دوران لوگوں نے وفد کو بتایا کہ بھارتی فورسز نے شوپیان میں ننگی جارحیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے نہتے لوگوں پر بندوقوں کے دہانے کھول دئے اور اس اندھا دھند فائرنگ میں جاوید احمد اور سہیل احمد موقع پر ہی شہید ہوگئے، جبکہ رئیس احمد ہسپتال میں موت وحیات کی کشمکش کے بعد جاں بحق ہوگیا ہے۔ وفد کو لوگوں نے بتایا کہ بھارتی فورسز نے گھروں میں گھس کر خواتین کو بھی نہیں بخشا اور جو دوبچیاں اس وقت صورہ ہسپتال میں موت وحیات کی کشمکش میں مبتلا ہیں وہ کسی بھی احتجاج یا مظاہرے کا حصہ نہیں تھیں، بلکہ اپنے گھروں میں موجود تھیں۔ اُن پر فورسز نے گھروں میں گھس کر ان کے سروں پر فائرنگ کی جس سے وہ شدید زخمی ہوگئیں۔ انہوں نے بتایا کہ بھارتی پولیس نے اس کے بعد گھروں میں لوٹ مار کی ،زیورات، ٹی وی اور دیگر قیمتی گھریلو سامان کو لوٹا گیا۔ لوگ خوف ودہشت سے سہمے ہوئے ہیں۔ وفد نے کہا پورا علاقہ ماتم کدہ ہے اور شوپیان کا یہ سانحہ ایک منصوبہ بند سازش کا نتیجہ ہے۔ وفد میں اشفاق احمد، مختار احمد، فیصل احمد اور گلزار احمد شامل تھے۔