خبرنامہ کشمیر

شہید کشمیری نوجوانوں کو زبردست خراج عقیدت؛ سید علی گیلانی

شہید کشمیری نوجوانوں کو زبردست خراج عقیدت؛ سید علی گیلانی
سرینگر:(ملت آن لائن) کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئر مین سید علی گیلانی نے شمالی کشمیر کے علاقے حاجن میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں شہید ہونیوالے چھ کشمیری نوجوانوں کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق بھارتی فوجیوں نے ہفتہ کو بانڈی پورہ کے علاقے حاجن میں چھ نوجوانوں کوتلاشی اور محاصرے کی کارروائیوں کے دوران شہید کردیا تھا۔ سید علی گیلانی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاکہ کشمیری شہداء بھارت کے غیر قانونی تسلط سے آزادی کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرر ہے ہیں ۔ انہوں نے شہداء کی قربانیوں کو رائیگاں نہ جانے دینے اور ان کے مشن کو ہرقیمت پراسکے منطقی انجام تک جاری رکھنے کے کشمیریوں کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت ہونے کے دعویدار بھارت نے کشمیرمیں مظلوم عوام کے تمام جمہوری حقوق فوجی طاقت کے بل پر سلب کر رکھے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ کشمیری عوام بھارت سے آزادی کیلئے عظیم اور بے مثال قربانیاں پیش کرر ہے ہیں اور بھارت فوجی طاقت کے ذریعے ہماری حق پر مبنی جدوجہد آزادی کو کمزور کرنا چاہتا ہے اور اس نے کشمیری حریت قیادت کی سیاسی سرگرمیوں پر مکمل پابندیاں عائد کررکھی ہے ۔ ادھر سید علی گیلانی نے اقوامِ متحدہ میں پاکستان کی سفیر ملیحہ لودھی کے کشمیر سے متعلق موقف کو تاریخی اور زمینی حقائق پر مبنی قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان گزشتہ 39 بر س سے اس قرارداد کو منظورکرانے کیلئے اپنی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔ انہوں نے کہا ساڑھے سات لاکھ بھارتی فوجیوں اور ایک لاکھ کے لگ بھگ نیم فوجی فورسز کی موجودگی میں کشمیری گزشتہ71سال سے ظلم وجبر کی چکی میں پس رہے ہیں۔ ہماری آہ وبکا اور ہمارے چیخ وپکاراور فریاد کی کہیں بھی سنی نہیں ہورہی ہے۔ پاکستانی سفیر نے اقوامِ متحدہ میں کشمیر کے حوالے سے جو موقف اختیار رکھا ہے، اس کی ایک تاریخ ہے اور اس تاریخ سے نہ صرف پوری عالمی برادری واقف ہے بلکہ یہ خود بھارت کو بھی معلوم ہے جو جموں و کشمیر کے مسئلے کو اقوام متحدہ میں لے کر گیا جہاں 18قراردادیں منظور کی گئی کہ جموں کشمیر کے لوگوں کو حقِ خودارادیت کا موقع فراہم کیا جائے گا۔ اقوامِ متحدہ کے سلامتی کونسل نے کشمیریوں کو حقِ خودارادیت کی واگذاری کی ضمانت فراہم کی ہے،البتہ یہ عالمی ادارہ اس ضمانت کو پورا کرنے میں ابھی تک کامیاب نہیں ہوا ہے۔ سیدعلی گیلانی نے کہا کہ اقوامِ متحدہ کے اس ادارے کی غفلت شعاری اور اپنی منصبی ذمہ داریوں سے انحراف کی وجہ سے جموں و کشمیر کے ڈیڑھ کروڑ عوام بھارتی ظلم وجبر، تشدد، بربریت اور سفاکیت کا نشانہ بن رہی ہے۔ حریت چیئرمین نے پاکستان کی مخلصانہ کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کے حق خوداردیت کے حصول کی جدوجہد کی مکمل حمایت جاری رکھے ہوئے ہے اور عالمی ادارے کی طرف سے ان کے دیرینہ اور منصفانہ مطالبے کی منظوری پاکستان اور کشمیریوں کیلئے ہی حوصلہ افزا اور خوش آئندہ نہیں بلکہ اْن تمام محکوموں اور مظلوموں کیلئے ایک نوید مسرت ہے جو غاصب طاقتوں کے ساتھ اپنے حقوق کیلئے محوِ جدوجہد ہیں۔ سید علی گیلانی نے کہا کہ اگر تمام آزادی اور انصاف پسند ممالک مغلوب عوام کی جائز جدوجہد کی حمایت کرکے ان کے زخموں کو مندمل کرنے کے عملی اقدامات کریں تو خطہ ارض امن کا گہوارہ بن جائے گا۔