خبرنامہ کشمیر

صدر آزاد کشمیر سردار محمد مسعود خان ایک ہفتے کے غیر ملکی دورے پر روانہ

اسلام آباد (ملت + آئی این پی)صدر آزاد جموں و کشمیر سردار محمد مسعود خان ایک ہفتے کے غیر ملکی دورے پر روانہ ہو گئے ۔ ائیر پورٹ پر سیکرٹری صدارتی امور سردار محمد فاروق تبسم ، ایڈیشنل سیکرٹری شازیہ اشرف و سیکرٹریٹ کے دیگر عملے نے انہیں الوداع کیا ۔ صدر سردار محمد مسعود خان لندن میں برطانوی ایوان زیریں ، ایوان بالا ، یورپی پارلیمنٹ کے ارکان مختلف تھنک ٹینکس ، غیر سرکاری تنظیموں ، انسانی حقوق کے اداروں ، عالمی میڈیا اور پاکستانی اور کشمیری کمیونٹی سے ملاقاتیں کریں گے ۔ اس دوران وہ مختلف تقریبات ، کانفرنسوں اور سیمینار سے خطاب بھی کریں گے ۔ صدر آزاد کشمیر اپنی ملاقاتوں اور خطاب میں مسئلہ کشمیر کے حوالے سے حقائق بیان کریں گے ۔ اور مقبوضہ کشمیر میں جاری تحریک آزادی اور بھارتی مظالم کو دنیا کے سامنے اجاگر کریں گے ۔ صدر آزاد کشمیر ناروے کا 24 سے 26 اکتوبر تک بھی دو روزہ دورہ کریں گے ۔ جہاں ناروے کے صدر ، سپیکر ، ڈپٹی سپیکر اور نارویجن پارلیمنٹ کے ارکان، ناروے کی پارلیمنٹ کی کشمیر کمیٹی اور اوسلو کے میئر نارویجن ، نوبل امن انعام سنٹر کے ڈائریکٹر اور صحافیوں سے ملاقاتیں کریں گے ۔ 26 اکتوبر کو صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان برطانوی پارلیمنٹ میں کشمیر پر کل جماعتی پارلیمانی گروپ کے ساتھ ملاقاتیں کریں گے ۔ 27 اکتوبر کو وہ معروف تھنک ٹینکس رائل یونائیٹڈ سروسز انسٹی (روسی) لندن سے خطاب کے علاوہ 10 ڈاؤننگ سٹریٹ میں یوم سیاہ کے احتجاجی مظاہرے کی قیادت کریں گے ۔ لندن میں صدر ریاست بیرونس سعیدہ وارثی ، برطانیہ کے قومی سلامتی کے مشیر مارک لائل گرانٹ اور لند ن کے میر صادق خان سے ملاقات کریں گے ۔ اس کے علاوہ لیوٹن میں مقامی میئرز ،کونسلروں ، ممبران پارلیمنٹ اور یورپی پارلیمنٹ سے خطاب کریں گے ۔