خبرنامہ کشمیر

صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان کی کنٹرول لائن کے نکیال سیکٹر پر بھارتی فوج کی بلا اشتعال گولہ باری کی شدید مذمت

اسلام آباد (آئی این پی)صدر آزاد جموں و کشمیر سردار محمد مسعود خان نے کنٹرول لائن کے نکیال سیکٹر پر بھارتی فوج کی بلا اشتعال گولہ باری کی شدید مذمت کی ہے ۔ جس میں چار معصوم شہری شہید اور متعدد زخمی ہوئے ہیں۔ صدر سردار مسعود خان نے کہا کہ بھارتی فوج شہری آبادیوں کو بلا تفریق نشانہ بنا کر بین الاقوامی قوانین اور پاکستان کے ساتھ دو طرفہ معاہدوں کی خلاف ورزی کر رہی ہے ۔ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں سے عالمی توجہ ہٹانے کے لیے بھارتی حکمرانوں کی ہدایت پر کنٹرل لائن کی شہری آبادی کو نشانہ بنایا جا رہا ہے ۔ لیکن بھارت ان منفی ہتھکنڈوں سے اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہو گا ۔ صدر سردار محمدمسعود خان نے جانی و مالی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے انتظامیہ کو زخمیوں کی دیکھ بھال اور علاج معالجے کی بہترین سہولت فراہم کرنے اور مالی نقصانات کے ازالہ کی ہدایت کی ہے ۔ صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ بھارتی گولہ باری سے بے گھر ہونے والوں کو متبادل رہائش فراہم کی جائے گی ۔ اس حوالے سے وفاقی حکومت سے بھی رابطہ کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ پاک افواج نے بھارتی گولہ باری کا منہ توڑ جواب دیا ہے ۔ تا ہم ہماری فوج کی مجبوری ہے کہ کنٹرول لائن کی دوسری جانب شہری آبادی کو نشانہ نہیں بنایا جا سکتا کیونکہ اُس طرف رہنے والے بھی کشمیری اور مسلمان ہیں۔ اس لیے پاک فوج صرف بھارتی فوجی تنصیبات اور چوکیوں کی ہی نشانہ بنا سکتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں افواج پاکستان کی بہادری اور پیشہ وارانہ صلاحیتوں پر مکمل اعتماد ہے ۔ اور ہم کنٹرول لائن سے ملحقہ دیہات کی شہر ی آبادیوں کو بھر پور دفاع کرنے پر افواج پاکستان کے جوانوں اور افسران کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ بھارت کی ان بلا اشتعال اور بزدلانہ کارروائیوں کے خلاف سفارتی سطح پر موثر آواز بلند کی جائے گی ۔ اقوام متحدہ کے نو منتخب سیکرٹری جنرل او آئی سی ، یورپی یونین اور دیگر عالمی تنظیمیں کنٹرل لائن کی صورتحال کا فوری نوٹس لیں۔ اور بھارت کو شہری آبادی کے خلاف حالت امن میں جارحانہ اقدامات سے روکیں ۔ بصورت دیر ایسے واقعات پاک بھارت جنگ کا موجب بن سکتے ہیں