خبرنامہ کشمیر

صدر آزاد کشمیر نے یوم تاسیس پر روچڈیل ٹاؤن ہال کے باہر ریاستی پرچم لہرایا

روچڈیل(آئی این پی)صدر آزاد جموں و کشمیر سردار محمد مسعود خان نے آزاد ریاست جموں و کشمیر کے 69 ویں یوم تاسیس کے موقع پر روچڈیل ٹاؤن ہال کے باہر ریاستی پرچم لہرایا ۔ پرچم کشائی کی اس تقریب میں آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی میں قائد حزب اختلاف چوہدری محمد یاسین ، مانچسٹر میں پاکستان کے قونصل جنرل ڈاکٹر ظہور احمد ، مقامی میئر راے ڈوٹن ، کونسل کے رہنما رچرڈ فرنل ، سمسن ڈنچک ایم پی ، گریٹ مانچسٹر کے پولیس اینڈ کرائم کمشنر ٹونی لائیوڈ ،سٹیٹ سیکرٹری محمد شیراز ، کونسلرز روچڈیل عاصم رشید ، محمد زمان ، شکیل احمد ، آفتاب حسین اور تھیم سائیڈ کونسلر لہہ ورنن بھی موجود تھے ۔ صدر آزاد جموں و کشمیر سردار محمد مسعود خان نے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال بیان کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی افواج کشمیری نوجوان کے خون سے ہولی کھیل رہی ہے ۔ نہتے مظاہرین کے خلاف اندھا دھند طاقت کا استعمال کرتے ہوئے عالمی حقوق انسانی کی سنگین خلاف ورزیاں ہو رہی ہیں۔ متحارب ، غیر متحار ب ، بوڑھے ، بچوں اور خواتین کی بھی تمیز نہیں کی جا رہی ۔ منظم انداز میں کشمیریوں کی نسل کشی ہو رہی ہے ۔ 8 جولائی 2016 کے بعد سے اب تک 150 نوجوان شہید ، 15 ہزار افراد زخمی ہیں ۔ جبکہ تقریباً 6 سو نوجوانوں کی زندگی بھر کے لیے بصارت سے محروم کر دیا گیا ہے ۔ حریت رہنما پابند سلاسل ہیں۔ انہیں علاج معالجے کی سہولیات تک میسر نہیں۔ یاسین ملک کو غلط انجکشن لگا کر ان کا ایک بازو مفلوج کر دیا گیا ہے ۔ ہمیں شبہ ہے کہ بھارتی حکمران انہیں اس طرح قتل نہ کر دیں ۔ صدر آزاد کشمیر نے مطالبہ کیا کہ یاسین ملک کو علاج معالجے کے لیے بیرون ملک بھیجا جائے ۔ ان کی زندگی کو کچھ ہوا تو ذمہ دار بھارتی حکمران ہوں گے ۔ صدر سردار محمد مسعود خان نے امریکا اور برطانیہ کی حکومتوں اور عوام سے اپیل کی کہ وہ مظلوم کشمیری عوام کی مدد کریں اور اقوام متحدہ کے چارٹر ، عالمی اصولوں اور سلامتی کونسل کی قرار دادوں کی روشنی میں استصواب رائے کے ذریعے ہمیں حق خود ارادیت دیا جائے ۔ صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ روچڈیل ہال کے باہر لہرایا جانے والا یہ پرچم صر ف آزاد کشمیر نہیں پورے جموں و کشمیر بشمول مقبوضہ کشمیر کا پرچم ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری قوم اس پرچم کو سر بلند رکھے گی ۔ صدر آزاد کشمیر نے وہاں موجود کشمیری اور پاکستانی کمیونٹی کے افراد پر زور دیا کہ اپنا اثر و سوخ ، ووٹ کی طاقت اور لابی کے تجربے کو استعمال کرتے ہوئے برطانوی حکومت سے مطالبہ کیا جائے کہ وہ تقسیم ہند کے ایجنڈے کو مکمل کرتے ہوئے کشمیریوں کو استصواب رائے کا حق دلائے ۔ کیونکہ مسئلہ کشمیر برطانیہ کا ہی پیدا کردہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی ایشیاء میں پسماندگی اور جہالت کا سبب مسئلہ کشمیر ہے ۔ اس دیرینہ تنازعے کے حل تک جنوبی ایشیاء میں پائیدار امن کا خواب تعبیر نہیں بن سکتا ۔ اس موقع پر قائد حزب اختلاف چوہدری محمد یاسین ، عاصم رشید ، راجہ نجابت حسین اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔