خبرنامہ کشمیر

ظفر اکبر کی احتجاجی تحریک کے دوران زخمی ہونے والوں کی عیادت

سرینگر: (ملت+اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میں جموں کشمیر سالویشن مومنٹ کے چیئرمین ظفر اکبر بٹ بھارتی فورسز کے ہاتھوں احتجاجی تحریک کے دوران زخمی ہونے والوں کی عیادت کے لیے پلوامہ کے مختلف علاقوں میں گئے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ظفر اکبر بٹ وفد کے ہمراہ شبروزہ بٹ،عفرا جان،ظہور احمد ڈار ،منظور احمد ڈار ،سہیل احمد میر،محمد اشرف بٹ کے گھروں میں گئے اور ان کی خیر یت دریافت کی ۔ انہوں نے اس موقع پر اپنی بات چیت میں انسانی حقوق کے عالمی اداروں پر زور دیا کہ وہ بھارتی فورسز کی طرف سے نہتے کشمیریوں کے خلاف پیلٹ بندوق اور دیگر مہلک ہتھیاروں کے استعمال کا نوٹس لیں۔ انہوں نے جیلوں ، تھانوں اور تفتیشی مراکز میں غیر قانونی طور پر نظر بند کشمیریوں کی حالت زار پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے انکی فوری رہائی پر زور دیا ۔دریں اثنا اسلامک پولٹیکل پارٹی جموں کشمیر کے چیئرمین محمد یوسف نقاش اور تحریک مزاحمت کے جنرل سیکرٹری سلیم زرگر احتجاجی تحریک کے دوران شہید ہونے والے نوجوانوں الطاف احمد راتھر اور شکیل احمد گنائی کے اہلخانہ سے اظہار یکجہتی کے لیے پلوامہ کے علاقے نیو کالونی راج پور گئے۔ انہوں نے اس موقع پر شہداء کے اہلخانہ کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری نوجوان بھارت کے جبری قبضے سے نجات کے لیے اپنی عزیز جانوں کا نذرانہ پیش کررہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ کسی کو بھی عظیم قربانیوں کے ساتھ کھلواڑ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور شہداء کے مشن کی تکمیل تک جد وجہد ہر قیمت پر جاری رکھی جائے گی ۔ حریت رہنماؤں نے کہا کہ شہداء کی عظیم قربانیوں کے سبب تنازعہ کشمیر عالمی سطح پر توجہ کا مرکز بن گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ شہداء کا خون ہرگز رائیگاں نہیں جائے گا۔ محمد یوسف نقاش کے ساتھ انکی پارٹی کے رکن سجاد احمد لون بھی تھے۔