خبرنامہ کشمیر

عالمی ادارے کشمیریوں کی نسل کشی رکوانےکیلئےبھارت پردباؤبڑھائیں،جماعت اسلامی

سرینگر:(اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میں جماعت اسلامی نے عالمی اداروں سے اپیل کی ہے کہ وہ نہتے کشمیریوں کی نسل کشیُ کو رکوانے کیلئے بھارت پر دباؤ بڑھائیں۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق جماعت اسلامی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں وادی کشمیرمیں بھارتی فورسز کی طرف سے پر امن مظاہرین پر اندھا دھند فائرنگ سے شہریوں کے قتل عام کی شدید مذمت کی ۔ بیان میں بھارت پر زوردیا گیا کہ وہ ظالمانہ ہتھکنڈے استعمال کرنے کی بجائے کشمیریوں کی پر امن جدوجہد آزادی کا احترام کرے ۔جماعت اسلامی نے کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق مسئلہ کشمیر کا پائیدار حل تلاش کرنے کی غرض سے پاکستان ،بھارت اور کشمیریوں کی حقیقی قیادت کے درمیان سہ فریقی مذاکرات پر زوردیا ۔ بیان میں مذاکرات کے لیے سازگار ماحول قائم کرنے کیلئے فوری طور پر تمام غیر قانونی طورپر نظربند حریت رہنماؤں اور کارکنوں کی بلا مشروط رہائی کا مطالبہ بھی کیاگیا۔ دریں اثنا ایڈوکیٹ زاہد علی کی قیادت میں جماعت اسلامی کا ایک وفد بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں حال ہی میں شہید ہونیوالے پلوامہ کے علاقوں لیتہ پورہ اورچرسو کے رہائشی سہیل احمد وانی اور مشتاق احمد کے اہلخانہ سے اظہار یکجہتی کیلئے گیا ۔