خبرنامہ کشمیر

عالمی ادارے کشمیری نظر بندوں کی رہائی کیلئے کردار ادا کریں،شاہد سلیم

جماعت اسلامی کا غیر قانونی

عالمی ادارے کشمیری نظر بندوں کی رہائی کیلئے کردار ادا کریں،شاہد سلیم
جموں:(ملت آن لائن) مقبوضہ کشمیر میں جموں وکشمیر پیپلز مووومنٹ نے مقبوضہ علاقے اور بھارت کی مختلف جیلوں میں غیر قانونی طور پر نظر بند کشمیریوں کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنماء اور جموں وکشمیر پیپلز موومنٹ کے چیئرمین میر شاہد سلیم نے جموں میں اپنی پارٹی کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری سیاسی نظر بندوں کو نئی دہلی کی تہاڑ جیل اور دیگر جیلوں میں غیر انسانی سلوک کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ نظر بندوں کے اہلخانہ نے انکشاف کیا ہے کہ انکے پیاروں کو جیلو ں میں طبی سمیت تمام بنیادی سہولیات سے محروم رکھا جا رہا ہے جس کی وجہ سے انکی صحت دن بہ دن بگڑتی جا رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تہاڑ جیل میں نظر بند حریت رہنماؤں شبیر احمد شاہ، الطاف احمد شاہ ، ایاز اکبر اور پیر سیف اللہ کی صحت روز بہ روز خراب ہوتی جارہی ہے۔ میر شاہد سلیم نے انسانی حقوق کے عالمی اداروں سے اپیل کی کہ وہ کشمیری نظر بندوں کی حالت زار کا نوٹس لیتے ہوئے ان کی رہائی کیلئے کردار ادا کریں۔ دریں اثنا جموں وکشمیر ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی نے ایک بیان میں بھارت پر زور دیا ہے کہ وہ کشمیریوں کی تحریک آزادی کو طاقت کے بل پر دبانے کی کوشش کے بجائے تنازعہ کشمیر کے حل کیلئے اقدامات کرے۔ حریت رہنما بلال صدیقی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں حریت رہنماؤں شبیر احمد شاہ، نعیم احمد خان، الطاف احمد شاہ، مسرت عالم بٹ، آسیہ اندرابی ، پیر سیف اللہ ، معراج الدین کلوال، شاہد اسلام ، کامران یوسف ، مشتاق الاسلام ، غلام محمد خان سوپور، فاروق احمد توحیدی ، فہمیدہ صوفی اور دیگر کی مسلسل غیر قانونی نظر بندی کی شدید مذمت کی۔