خبرنامہ کشمیر

عالمی برادری بھارتی افواج کے ہاتھوں انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیوں کا نوٹس لے: راجہ فاروق حیدر

دی ہیگ(ملت + آئی این پی)وزیراعظم آزادکشمیرراجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہاہے کہ بین الاقوامی برادری مقبوضہ کشمیر میں بھارتی قابض افواج کے ہاتھوں انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیوں کا نوٹس لے اور بھارت کو انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے روکے۔ مسئلہ کشمیر کے حل کے بغیر خطہ جنوبی ایشیاء میں امن کا قیام ناممکن ہے۔ بھارت نصف صدی سے کشمیر کے مسلمانوں کو مسلسل ظلم ، جبر و بربریت سے دبا کر رکھنا چاہتا ہے جس میں وہ کبھی کامیاب نہیں ہوسکتا، کشمیریوں کے حوصلے بلند ہیں اور بھارت ہرگز انہیں دبانہیں سکتا۔کشمیری استصواب رائے کا حق جو اقوام متحدہ نے ا نہیں دیا کے حصول تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔ ان خیالات کااظہارانھوں نے ہالینڈکے دارالحکومت دی ہیگ میں ’’جموں وکشمیرکے لوگوں سے یکجہتی ‘‘ کے عنوان سے منعقدہ ایک کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کانفرنس کااہتما م راجہ زیب خان کی قیادت میں قائم ’’کشمیرپیس کونسل ہالینڈ‘‘ نے کیاتھا۔ وزیراعظم آزادکشمیراپنے دورہ یورپ کے دوسرے مرحلے پر جمعرات کوبیلجیم سے ہالینڈ پہنچے تھے۔ وہ کشمیرکونسل ای یو کی دعوت پر کشمیرای یو۔ویک کی تقریبات میں شرکت کے لئے بیلجیم آئے تھے۔ یورپ کے دورے کے تیسرے اورآخری مرحلے میں وہ جرمنی جائیں گے جہاں کشمیرفری آرگنائزیشن کی طرف سے تقریب میں شرکت کریں گے۔ ان کے ہمراہ سینئروزیرچوہدری طارق فاروق اور ایم ایل اے راجہ جاویداقبال بھی یورپ آئے ہیں۔ ہالینڈ کے دارالحکومت دی ہیگ میں کانفرنس سے کشمیرپیس کونسل کے صدر راجہ زیب خان ، چیئرمین کشمیرکونسل ای یو علی رضاسید ، پادری فادرایرک سرور، سفیرپاکستان عفت عمران گردیزی اوردیگرشخصیات نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پردانشور، سماجی وکاروباری شخصیات سمیت لوگوں کی بڑی تعدادموجودتھی۔ وزیراعظم آزادکشمیرنے بتایاکہ وہ کشمیرکونسل ای یوکی دعوت پربیلجیم آئے اور گذشتہ تین چار روز کے دوران انھوں نے برسلزمیں یورپی پارلیمنٹ اور یورپی پریس کلب میں کشمیرای یو۔ویک کے حوالے سے تقریبات سے خطاب کیاہے۔اس کے علاوہ یورپی رااکین پارلیمنٹ اور یورپی کمیشن کے عہدیداروں سے ان کی ملاقاتیں بہت مفیدرہی ہیں اور ان کے مثبت نتائج برآمدہوں گے۔انھوں نے کشمیرکونسل ای یوکے چیئرمین علی رضاسید کی یورپ میں کشمیرکیلئے کوششوں کو سراہا۔ہالینڈمیں کانفرنس کے دوران کشمیرپر ایک دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی۔چیئرمین کشمیرکونسل ای یو علی رضاسید نے اپنے خطاب میں کہاکہ بھارت زیادہ دیرتک کشمیریوں کی تحریک کو دبانہیں سکتا۔ انھوں نے مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں نوجوانوں کی شہادتوں اور ان کی آنکھیں ضائع ہونے کاذکرکرتے ہوئے کہاکہ بھارت انتہائی ظالمانہ ہتھکنڈے استعمال کرکے کشمیرپر تسلط جاری رکھناچاہتاہے۔کشمیرپیس کونسل ہالینڈ کے صدر راجہ زیب خان نے کہاکہ ہم یورپ میں کشمیریوں کی حمایت میں اپنی جدوجہدکو تیزترکریں گے اور اس سلسلے میں کشمیرکونسل ای یو کے ساتھ مل کرکام کررہے ہیں۔ انھوں نے مزیدکہاکہ عالمی طاقتوں کوچاہیے کہ کشمیریوں پر ظلم وستم بندکروائیں اور مسئلہ کشمیرکے منصفانہ حل کے لئے کرداراداکریں۔