خبرنامہ کشمیر

عالمی برادری بھارتی بربریت بند کرانے کے لئے کردار ادا کرے،ایمنسٹی انٹرنیشنل کینیڈا

عالمی برادری بھارتی بربریت بند کرانے کے لئے کردار ادا کرے،ایمنسٹی انٹرنیشنل کینیڈا

ٹورنٹو (ملت آن لائن)کینیڈا میں پاکستان کے ہائی کمشنر طارق عظیم نے کہا ہے کہ عالمی برادری کو بے گناہ کشمیریوں کے خلاف بھارت کی بیہمانہ بربریت بند کرانے کے لئے کردار ادا کرانا چاہیے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار ایمنسٹی انٹرنیشنل کینیڈا کے سیکرٹری جنرل ایلیکس نیو سے ملاقات میں کیا۔ انہوں نے ایمنسٹی انٹرنیشنل کینیڈا کے سیکرٹری جنرل کو مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کے حوالے سے آگاہ کیا جہاں پر قابض افواج نے سینکڑوں شہریوں بالخصوص نوجوانوں کو پیلٹ گنز کے استعمال کے ذریعے بینائی سے محروم کردیا ہے اور اقوام متحدہ کے قوانین کی خلاف ورزی کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ کینیڈا انسانی حقوق کا چیمپیئن ملک کہلاتا ہے ۔ کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹین ٹروڈیو کو بھارت کے آئندہ دورے کے دوران مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا معاملہ اٹھانا چاہیے۔ ایمنسٹی انٹرنیشنل کے سیکرٹری جنرل نے کہاکہ یہ بد قسمتی ہے کہ بھارت ایمنسٹی انٹرنیشنل اور انسانی حقوق کے دیگر تنظیموں کو کشمیرکے مختلف علاقوں تک رسائی کی اجازت نہیں دے رہا جو کہ بھارتی افواج کے محاصرے میں ہے۔ انہوں نے کہاکہ ایمنسٹی انٹرنیشنل کینیڈا کے وزیر اعظم پر زور دے گی کہ وہ اپنے دورے کے دوران انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا معاملہ بھارتی حکومت کے سامنے اٹھائیں ۔ انہوں نے پاکستان کے ہائی کمشنر کو ایمنسٹی انٹرنیشنل انڈیا کی طرف سے پیلٹ گنز کے استعمال کے خلاف شروع کی جانے والی پوسٹ کارڈ مہم کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔