خبرنامہ کشمیر

عالمی برادری بھارت پر دباؤ بڑھائے: کشمیر پیپلز موومنٹ

سرینگر۔: (ملت+اے پی پی) مقبوضہ کشمیرمیں جموں وکشمیر پیپلز موومنٹ اور جموں وکشمیر پیپلز لیگ نے عالمی برادری خاص طورپر اقوام متحدہ پر زوردیا ہے کہ وہ جموں وکشمیر میں بھارتی فورسز کے ہاتھوں بڑے پیمانے پر جاری انسانی حقوق کی سنگین پامالیاں بند کرانے کیلئے بھارت پر دباؤ بڑھائے۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق پیپلز موومنٹ کے چیئرمین میر شاہد سلیم نے جموں میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ مقبوضہ علاقے میں کشمیری عوام بھارتی فورسز کی بدترین ریاستی دہشت گردی کا نشانہ بن رہے ہیں ۔ پیپلز موومنٹ کے چیئرمین نے افسوس ظاہر کیاکہ جموں وکشمیر کی ابتر صورتحال پر عالمی برادری خاص طورپر اقوام متحدہ نے خاموشی اختیار کر رکھی ہے ۔ ادھر جموں وکشمیر پیپلز لیگ کے چیئرمین مختار احمد وازہ نے ضلع اسلام آباد کے علاقے Sarnalمیں ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ عالمی طور پرتسلیم شدہ مسئلہ کشمیر بھارت اور پاکستان کے درمیان کشیدگی کی بنیادی وجہ ہے ۔ انہوں نے صحافی ہلال زرگر سے انکی والدہ کے انتقال پر بھی تعزیت کی ۔