خبرنامہ کشمیر

عالمی برادری بھارت کے منفی پروپگنڈے کے باوجو مسئلہ کشمیر کی جانب متوجہ ہورہی ہے،شبیر احمد شاہ

سرینگر ۔ 29 ستمبر (اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے غیر قانونی طور پر نظر بند جنرل سیکرٹری اور جموں وکشمیر ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کے سربراہ شبیر احمد شاہ نے کہا ہے کہ بھارت کے منفی پروپگنڈے کے باوجود عالمی برادری مسئلہ کشمیر کی جانب متوجہ ہورہی ہے اوربھارت زیادہ دیر تک اس مسئلہ سے فرار حاصل نہیں کرسکتا ۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق شبیر احمد شاہ نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ استقامت اور جہد مسلسل کے ذریعے سے ہی کشمیری اپنی منزل حاصل کرسکتے ہیں۔انھوں نے سفارتی سطح پر پاکستان کی کامیاب کوششوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اگرچہ بھارتی میڈیا تصویر کا وہ رخ دکھا رہا ہے جو اُن کی من مرضی کا ہے لیکن مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں ہورہی انسانی حقوق کی پامالیوں کے لئے ہورہی ملامت اور تنقید نے بھارتی قیادت کوعالمی کٹہرے میں لا کھڑاکیاہے اور دنیا کا ضمیر جاگ رہا ہے ۔شبیر احمد شاہ نے کہا کہ کشمیری شہداء کا خون ایک روز ضرور رنگ لائے گا اور جموں وکشمیر بھارت کے جابرانہ تسلط سے آزاد ہوگا ۔ شبیر احمد شاہ نے تنازء کشمیر کو حل کرانے کے سلسلے میں پاکستان کے سفارتی اور اخلاقی کردار کوکشمیریوں کے لئے ایک سہار اقرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ پاکستان ہی ہے جس کی سفارتی کوششوں سے عالمی ایوانوں تک ہماری درد بھری پکار پہنچ رہی ہے ۔شبیر احمد شاہ نے کہا کہ اس وقت کشمیر کے نوجوان ،بزرگ اور بچے انتفادہ کو جس بھر پور طریقے سے آگے بڑھارہے ہیں اس سے بھارت بوکھلاہٹ کا شکار ہے اور وہ نہتے لوگوں کو سخت انتقامی کارروائیوں کا نشانہ بنا رہا ہے۔شبیر احمد شاہ نے دنیا کے مختلف ممالک میں رہنے والے تارکین وطن کشمیریوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے محکوم بھائیوں کے حق میں بھر پور انداز سے آواز بلند کریں۔