خبرنامہ کشمیر

عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں رکوانے کیلئے کردار ادا کرے، علی رضا سید

برسلز (ملت + اے پی پی) کشمیر کونسل یورپی یونین کے چیئرمین علی رضاسید نے عالمی برادری سے مطالبہ کیاہے کہ وہ مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق خاص طور پر خواتین کے حقوق کے تحفظ کے لئے سنجیدہ اقدامات کرے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق علی رضا سید نے عالمی یوم خواتین کے موقع پر اپنے ایک بیان میں کہا کہ عالمی برادری خاص طورپر بڑی طاقتوں کوچاہیے کہ وہ مقبوضہ وادی میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں رکوانے کیلئے کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ علاقے میں بڑی تعداد میں خواتین مشکلات کا شکارہیں اورہزاروں خواتین ایسی ہیں جن کے شوہر بھارتی فوج کے ہاتھوں لاپتہ ہوچکے ہیں جبکہ ہزاروں مائیں اپنے لاپتہ بیٹوں کی گھرواپسی کی منتظر ہیں ۔ علی رضا سید نے کہا کہ مشکلات کایہ سلسلہ سترسالوں سے جاری ہے اور ان میں دن بدن اضافہ ہورہاہے۔انہوں نے کہاکہ کشمیر ی بھارت کے تمام تر جبر و استبداد کے باوجود حق خودارادیت کے حصول کے لئے جدوجہد مقصد کے حصول تک جاری رکھنے کا عزم کیے ہوئے ہیں ۔ انھوں نے کہا کہ کشمیر کونسل یورپی یونین تنازعہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے حوالے سے اپنی کوششوں کا سلسلہ جاری رکھے گی اور محکوم کشمیریوں خاص طور پر خواتین پر ہونے والے والے بھارتی مظالم کے خلاف اپنی آواز بلند کرتی رہے گی۔