خبرنامہ کشمیر

عالمی برادری کشمیریوں کا قتل عام رکوانے کیلئے کردار ادا کرے،میر واعظ

عالمی برادری کشمیریوں کا قتل عام رکوانے کیلئے کردار ادا کرے،میر واعظ

سرینگر (ملت آن لائن) مقبوضہ کشمیر میں حریت فورم کے چیئرمین میر واعظ عمر فاروق نے مقبوضہ علاقے کی صورتحال کو انتہائی اضطراب انگیز قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ نہتے کشمیریوں کا تین دہائیوں سے بڑے پیمانے پر قتل عام جاری ہے جو انتہائی افسوسناک اور قابل مذمت ہے۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق میر واعظ عمر فاروق نے گزشتہ روز سرینگرمیں ایک عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی فورسز کو آرمڈ فورسز سپیشل پاورز ایکٹ اور دیگر کالے قوانین کے ذریعے کشمیریوں کے قتل کی کھلی چھٹی دی گئی ہے اور وہ مقبوضہ علاقے کے اطراف و اکنا ف میں خون کی ہولی کھیل رہی ہیں۔ا نہوں نے کہا کہ شدید سردی میں بھی ہر طرف خانہ تلاشیوں، محاصروں اور گرفتاریوں کا سلسلہ جاری ہے۔ میر واعظ نے کہا کہ کٹھ پتلی حکومت ایک طرف 2010ء اور 2016ء میں گرفتار کیے گئے نوجوانوں کو رہا کرنے کا دعویٰ کررہی ہے جبکہ دوسری طرف نوجوانوں کے قتل، پابندیوں، گرفتاریوں ، گھر گھر تلاشیوں کا مذموم سلسلہ بھی جاری ہے۔ میرواعظ نے کہا کہ مزاحمتی قیادت کی پْر امن سرگرمیوں پر پابندی عائد ہے اور جلسے ،جلوسوں ،سمیناروں اور مذاکروں کو روکنے کے لیے سخت پابندیاں نافذ کی جاتی ہیں،ان حالات میں عالمی برادری کی یہ اخلاقی ذمہ داری ہے کہ وہ بھارتی فوجیوں کی طرف سے مقبوضہ علاقے میں کشمیریوں کی نسل کشی اور انسان حقوق کی خلاف ورزیاں رکوانے اور تنازعہ کشمیر کو کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق حل کرانے کیلئے مؤثر اقدامات کرے۔