خبرنامہ کشمیر

عالمی برادری کشمیریوں کی زندگیاں بچانے کے لیے کردار ادا کرے،لبریشن فرنٹ

عالمی برادری کشمیریوں کی زندگیاں بچانے کے لیے کردار ادا کرے،لبریشن فرنٹ

سرینگر (ملت آن لائن) مقبوضہ کشمیر میں جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ نے کہا ہے کہ مقبوضہ علاقے میں تھانوں کو نازی کیمپوں میں تبدیل کردیا گیا ہے جہاں کسی کشمیری کی جان و عزت محفوظ نہیں۔تنظیم نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ کشمیریوں کی زندگیاں بچانے کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ جھوٹے مقدمات میں گرفتار نوجوانوں کو تھانو ں میں بدترین تشدد اور تذلیل کا نشانہ بنایا جارہا ہے جو انتہائی قابل مذمت ہے۔ ترجمان نے کہا کہ سمبل سوناواری کے ایک عوامی وفد نے سرینگر میں لبریشن فرنٹ کے دفتر آکر بھارتی پولیس کے مظالم بیان کیے۔ وفد نے کہا کہ نائد کھائی کے رہائشی نوجوان سجاد احمد کو سینٹرل جیل سرینگر میں دو برس کی طویل غیر قانونی نظر بندی سے رہائی کے فوراً بعد دوبارہ گرفتار کرکے تھانہ سمبل منتقل کیا گیا جہاں سپیشل آپریشن گروپ کے اہلکاروں نے اسے سخت مارپیٹ کا نشانہ بنایا۔ وفد نے کہا کہ نوجوان کو بعد میں زخمی حالت میں دوبارہ سینٹرل جیل سرینگر منتقل کیا گیا۔ عوامی وفد نے کہا کہ ایک 16 سالہ نوجوان غلام محی الدین گزشتہ ڈیڑھ ماہ سے سپیشل آپریشن گروپ کے کیمپ میں قیدہے جہاں روز اس پر تشدد کیا جاتا ہے جبکہ ایک اور نوجوان معراج الدین پرے جو ایک سیاسی رکن بھی ہے کو پولیس نے گزشتہ تین ماہ سے حراست میں رکھا ہوا ہے اور اسے بھی سخت تشدد کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔ وفد نے لبریشن کے رہنماؤں کو بتایا کہ پولیس نے علاقے میں بیسیوں نوجوانوں کو غیر قانونی طور پر حراست میں رکھا ہوا ہے اور انہیں سخت تشدد کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔ لبریشن فرنٹ کے ترجمان نے جوانوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کی سخت مذمت کرتے ہوئے قوام متحدہ کے انسانی حقوق کمیشن ،ایمنسٹی انٹرنیشنل اور عالمی ریڈ کراس سے اپیل کی کہ وہ کشمیریوں پر جاری بھارتی مظالم رکوانے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔