خبرنامہ کشمیر

عالمی رہنما مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے کردار ادا کرے ،حریت رہنما

سرینگر : (ملت+اے پی پی) مقبوضہ کشمیرمیں حریت رہنماؤں نے حل طلب دیرینہ مسئلہ کشمیر کوپورے جنوبی ایشیا کیلئے خطرے کا باعث قرار دیتے ہوئے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق تنازعہ کشمیر کے منصفانہ حل کیلئے اپنی کوششیں بروئے کار لائیں۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق حریت رہنماء مختار احمد وازہ نے پلوامہ کے دورے کے دوران شہید عارف احمد شاہ اورشہید جاوید احمد بٹ کے اہلخانہ سے ہمدردی اور یکجہتی کی اور ان تک حریت فورم کے چیئرمین میر واعظ عمر فاروق اور جملہ حریت قیادت کی طر ف سے اظہار تعزیت و یکجہتی کا پیغام پہنچایا ۔ انہوں نے رواں جدوجہد آزادی کے دوران شہید ہونیوالوں کو تحریک مزاحمت کا روشن مینار قرار دیتے ہوئے کہا کہ اپنی جوانیوں کو ایک عظیم مقصد کیلئے قربان کرکے ان لوگوں نے ہمارے اوپر بھاری ذمہ داری عائد کی ہے۔حریت رہنما ہلال احمد وار نے سعد پورہ عیدگاہ جاکرجنید احمد اور کھنموہ جاکر سمیر احمد وانی کے لواحقین سے تعزیت و یکجہتی کا اظہار کیا۔ انہوں نے غمزدہ لواحقین سے کہا کہ ان کے جیالوں کی قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیں جانے دی جائیں گی اور جدوجہد آزادی کو اسکے منطقی انجام تک جری رکھا جائیگا ۔