خبرنامہ کشمیر

علماء دین لوگوں کو اپنی زکواۃ،خیرات، عطیات اورصدقات اصل حقدار تک پہنچانے کے بارہ میں آگاہی فراہم کریں

مظفرآباد (ملت آن لائن + آئی این پی) وزیر اعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ علماء دین لوگوں کو اپنی زکواۃ،خیرات، عطیات اورصدقات اصل حقدار تک پہنچانے کے بارہ میں آگاہی فراہم کریں تاکہ یہ رقم کسی غلط مقصد کے لیے استعمال نہ ہوسکے۔سول سوسائٹی،میڈیا ،وکلاء،تاجر اور دیگر تمام مکتبہ فکر کی ذمہ داری ہے کہ زکواۃ اور خیرات کو اصل حقدار تک پہنچانے کے حوالہ سے شعور اجاگر کریں ۔ حق ،حقدار تک پروگرام کو آزادکشمیر سے شروع کیا جائے حکومت بھرپور تعاون کرے گی۔ زکواۃ وصول کرنا ریاست کی ذمہ داری ہوتی ہے اور ہر صاحب نصاب کو زکواۃکی ادائیگی کا احساس کرنا چاہیے۔حکومت نے زکواۃ فنڈ کے 3کروڑ روپے غریب اور مستحق مریضوں کے علاج معالجہ کی مدمیں منتقل کیے ہیں۔غریبوں کے بچوں کی سکول فیسوں کی ادائیگی، یتیم خانوں کی مالی اعانت اور ہسپتال میں مریضوں کو کھانا دینے کے لیے زکواۃ فنڈکو زیر استعمال لایا جا رہا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کے روز وفاقی وزارت اطلاعات کے زیر اہتمام حق حقدار تک پروگرام کے حوالہ سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پروگرام کی ایگزیکٹیو ڈائریکٹر بشریٰ تسکین،چیئرپرسن ہوپ فاؤنڈیشن پروفیسر تقدیس گیلانی، چیئرمین تاجر جائینٹ ایکشن کمیٹی عبدالرزاق خان، صدر سینٹرل بار ایسوسی ایشن راجہ آفتاب خان، پروگرام ڈائریکٹر سی ڈی پی سردار جاوید ایوب، سید فرید عباس نقوی اور ڈاکٹر عبدالکریم نے بھی خطاب کیا جبکہ تقریب میں ممبر آزادجموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی ڈاکٹر مصطفی بشیرکے علاوہ مختلف مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔وزیر اعظم نے کہا کہ آزادکشمیر میں انفرادی زکواۃ کی حوصلہ شکنی کرتے ہوئے ریاستی اداروں کے ذریعے زکواۃ کے درست استعمال کو یقینی بنایا جائے گا تاکہ زکواۃ اصل مستحقین تک پہنچ سکے۔ماضی میں غلط پالیسیوں اور زکواۃ کی رقم کے غلط استعمال کیوجہ سے عوام کا اعتماد کمزور ہوا اور محکمہ زکواۃ کی آمدن پچاس کروڑ سے کم ہوکر پچیس کروڑ تک پہنچ گئی۔ ہماری حکومت نے زکواۃ کے نظام کو بہتر کرنے کے لیے اقدامات کیے ہیں تاکہ لوگوں کا اعتماد بحال ہوسکے۔حکومت زکواۃ کے پیسہ کا درست استعمال یقینی بنائے گی تاکہ یہ رقم حقدار تک پہنچ سکے۔زکواۃ کی رقم کے استعمال کا مکمل آڈٹ کیا جائیگا تاکہ اسکے درست استعمال سے عوام کو بھی آگاہ کیا جاسکے۔انہوں نے کہا کہ علماء کرام کا معاشرے کی اصلاح میں اہم کردار ہے انکے ساتھ مشاورت سے عوام کو زکواۃ کی رقم کے صحیح استعمال کے بارہ میں آگاہی فراہم کریں گے۔انہوں نے کہا کہ اسوقت ہمارا ملک مشکل حالات سے گزر رہا ہے ۔اس لیے خیال رکھا جانا چاہیے کہ زکواۃ کا پیسہ دہشتگری کے لیے استعمال نہ ہو۔