خبرنامہ کشمیر

علی رضا سید کا شہید مقبول بٹ اورشہید افضل گوروکوشاندار خراج عقیدت

مقبوضہ کشمیر کے

علی رضا سید کا شہید مقبول بٹ اورشہید افضل گوروکوشاندار خراج عقیدت

برسلز(ملت آن لائن) کشمیرکونسل یورپی یونین کے چیئرمین علی رضاسید نے معروف کشمیر ی شہداء محمد مقبول بٹ اور محمد افضل گورو کی شہادت کی برسیوں کے موقع پر انہیں شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے دونوں شہداء کی میتوں کو نئی دہلی کی تہاڑ جیل سے بلا تاخیر انکے لواحقین کے حوالے کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق علی رضا سید نے برسلز سے جاری ایک بیان میں کہاکہ ان عظیم کشمیری سپوتوں نے ایک شمع کی مانند تحریک آزادی کشمیرکو روشنی فراہم کی ہے۔انھوں نے بھارتی حکومت پر زور دیا کہ وہ دونوں شہداء کے میتوں کی بلاتاخیر ان کے لواحقین کے حوالے کرے تاکہ ان کی آخری رسومات اداکرکے پوری عقیدت و احترام سے تدفین کی جاسکے ۔ چیئرمین کشمیرکونسل ای یو علی رضا سیدنے عالمی برداری خصوصاً یورپی یونین سے مطالبہ کیاکہ وہ بھارت کی ہٹ دھرمی پر مبنی رویے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے دونوں شہداء کی میتیں ان کے ورثاء کے حوالے کرنے کیلئے دباؤ بڑھائے۔ انھوں نے واضح کیاکہ پھانسیوں اوردیگر مظالم کے ذریعے بھارت اپنے مذموم عزائم میں ہرگز کامیاب نہیں ہو گا اور اسے کشمیریوں کوان کا ناقابل تنسیخ حق ، حق خودارادیت دیناہوگا۔ علی رضاسید نے مقبوضہ کشمیر میں غیر قانونی طورپر نظر تمام سیاسی رہنماؤں کی فوری رہائی اور نہتے کشمیریوں کی ماورائے عدالت قتل کا سلسلہ بند کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔انہوں نے کہاکہ کشمیریوں کی تحریک آزادی ایک دن ضرور کامیاب ہوگی اور انہیں بھارتی تسلط سے ضرور آزادی ملے گی۔یادرہے کہ بھارت نے محمد مقبول بٹ کو11فروری 1984 ء کو اور محمد افضل گورو کو9 فروری 2013 ء کو نئی دہلی کی تہاڑ جیل میں پھانسی دیکر دونوں شہدا کی میتوں کو جیل کے احاطے میں ہی دفن کر دیا تھا۔