خبرنامہ کشمیر

علی گیلانی، شبیر شاہ، یاسین ملک ، دیگر حریت رہنماؤں کا شہید نوجوانوں کو خراج عقیدت

سرینگر (ملت +‌ اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میں آزادی پسند رہنماؤں نے بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں پلوامہ اور بانڈی پورہ کے اضلاع میں شہید ہونے والے کم عمر لڑکے 15سالہ عامر نذیر اور دیگر تین نوجوانوں کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا ہے ۔ فوجیوں نے عامر نذیر کو جمعرات کے روز ضلع پلوامہ کے علاقے بدگام پورہ میں پر امن مظاہرین پر اندھا دھند فائرنگ کر کے شہید کیا جبکہ جہانگر احمد گنائی اورشفاعت احمد کو علاقے میں ایک جعلی مقابلے کے دوران شہید کیا گیا۔قابض فو ج نے بانڈی پورہ کے علاقے ملنگام میں بھی جمعرات کی شام ایک نوجوان مشتاق احمد کو جعلی مقابلے میں شہید کیا۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے شہید نوجوانوں کو خراج عقیدت پیش کر تے ہوئے کہا کہ ان عظیم اور مقدس قربانیوں کا تقاضا ہے کہ پوری قوم ان کی حفاظت کو اپنے ایمان کا حصہ سمجھے۔ سید علی گیلانی نے کہا کہ مقبوضہ علاقے کی تمام بھارت نواز جماعتیں بے گناہ نوجوانوں کے قتل میں برابر کی شریک ہیں۔انہوں نے کشمیریوں سے اپیل کی کہ وہ پنچائتی اور نام نہاد پارلیمانی ضمنی انتخابات کا بھر پورہ بائیکاٹ کر کے بھارت نواز رہنماؤں کے مذموم عزائم کو ناکام بنائیں۔ سید علی گیلانی کی ہدایت پر مولانا بشیر احمد فاروقی، سید ظہور الحق گیلانی، عمر عادل ڈار اور مشتاق احمد پر مشتمل حریت وفد نے عامر نذیر، شفاعت احمد اور جہانگیر احمد گنائی کے گھروں میں جاکرانکے اہلخانہ کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا۔ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کے چیئرمین شبیر احمد شاہ نے شہید نوجوانوں کو خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ تحریک آزادی کے لئے خون پیش کرنے والے نوجوان ہمارے روشن ستارے ہیں ۔شبیر احمد شاہ نے کہا کہ بھارت نہتوں کے قتل کے ذریعے کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو ہرگز دبانہیں سکتا۔جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین نے اپنے بیان میں شہید نوجوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ فوجی اہلکاروں نے پدگام پورہ میں اپنے سربراہ بپن راوت کی حالیہ دھمکی کو عملی جامہ پہنایاجس میں انہوں نے کہاکہ تھا کہ جو کشمیری عسکریت پسندوں کی حمایت میں سڑکوں پر آئیں گے ان کے خلاف بھی طاقت کا استعمال کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری جوانوں کو روز گولیوں کا نشانہ بناکر خونین کھیل کھیلا جارہا ہے جو ہر لحاظ سے قابل مذمت ہے۔انہوں نے شہید نوجوانوں کے لواحقین کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے زخمی ہونے والے افراد کی فوری صحت یابی کیلئے دعاکی۔جموں وکشمیر نیشنل فرنٹ کے چیئر مین نعیم احمد خان نے کہا کہ عامر نذیر کا قتل بھارتی فوج کے سربراہ جنرل بپن راوت کے بیان کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے شہید نوجوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ عظیم قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیں جائیں گی۔دختران ملت کی سربراہ آسیہ اندرابی نے سرینگر میں جاری بیان میں شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ بے گناہ کشمیری نوجوانوں کے خون سے ہولی کھیلنا قابض فوجیوں کا روز کا معمول بن گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کشمیری عوام کا مجاہدین کی حمایت میں والہانہ طریقے سے سڑکوں پر آنا ان کے کے بھر پور جذبہ آزادی کا غماز ہے ۔ حریت رہنماؤں بلال صدیقی ، فریدہ بہن جی، محمد یوسف نقاش، سید بشیر اندابی، ظفر اکبر بٹ، شبیر احمد ڈار، محمد اقبال میر، امتیاز احمد ریشی ، غلام نبی وار پیروان ولایت کے سیکریٹری جنرل آغا سید یعسوب موسوی، لبریشن فرنٹ آر کے سرپرست اعلیٰ بیرسٹر عبدالمجید ترمبو کے علاوہ ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن اور جماعت اسلامی مقبوضہ کشمیر نے بھی شہید نوجوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کشمیری نوجوان اپنی جانوں کا نذرانہ قوم کے روشن مستقبل کے لیے پیش کر رہے ہیں اور ان کی عظیم قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیں جائیں گی۔